صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ٹاٹا میموریل ہاسپٹل اور کوئنس فٹ نس سینٹر بھیونڈی کی جانب سے

کینسر کا ادراک اور تدارک مہم کے سلسلے میں دوڑ اور نکڑ ناٹک کا اہتمام

1,485

بھیونڈی :(عارف اگاسکر) بھارتی رِیاست مہاراشٹر کے شہر بھیونڈی میں کینسر جیسے موذی مرض کا ادراک ، تدارک اور حفظ ماتقدم کے سلسلے میں طلباء اساتذہ ، والدین اور عوام الناس میں بیداری مہم کےتحت ٹاٹا میموریل ہاسپٹل ممبئی اور کوئنس فٹنس سینٹر بھیونڈی کے فٹنس انسٹرکٹر مرتضیٰ مومن کی جانب سے میراتھن دوڑ جسے کینسر سے جوڑتے ہوئے ’کینتھان رن‘ نام دیا گیا صبح ساڑھےچھ بجے شروع ہو کر صبح دس بجے کامیابی کے ساتھ اختتام پزیر ہوا ۔ شہر کے شیواجی چوک (نذرانہ سینما) سے دوڑ حافظ جی بابا درگاہ ہوتےہوئے عارف گارڈن اور آگے گرین لینڈ ہوٹل اور بھینار گاؤں سے واپس شیواجی چوک پر ختم ہوئی ۔۳ ، ۵ اور ۱۰؍کلومیٹر کے اس دوڑ میں بڑی تعداد میں اسکول ، کالج  کے طلباء  ، عوام الناس اور پہلی مرتبہ مسلم خواتین نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ بوہرہ سماج کے امادی اسکائوٹ بینڈ کے ممبران اور ان کے لیڈرسہیل ریشم والا نے مختلف دھنوں اورقومی گیت سے حاضرین اور مہمانان کا دل جیت لیا ۔

شیواجی چوک سرکل پر الصبح دسمبر کے سرد موسم کے باوجود اسکولی طلباء اساتذہ اور برقعہ پوش خواتین بڑی تعداد میں اپنے بچوں کےساتھ جو میراتھن دوڑ میں حصہ لینے کی غرض سے رننگ کے مخصوص لباس میں آئے تھے موجود تھیں ۔ ٹاٹا میموریل ہاسپٹل کے عملے کے آتے ہی بوہرہ بینڈ کے قومی ترانے کی دھن بجانے کے ساتھ ہی اس میراتھن دوڑ ’’کینتھان رن‘‘  کی شروعات نعیم دلوی ‘سہاس بونڈے ‘موہن ولّال پرویز خان (پی کے)‘کارپوریشن کے انجینئر سہریاض مومن ، نتین کدم ، سریش وی کپارے اور انل گائیکواڈ وغیرہ کی موجودگی میں ہری جھنڈی دکھاکر کیا گیا ۔ اسکیٹنگ ریس سے اس دوڑ کاآغاز ہوا ۔ ٹاٹا میموریل ہاسپٹل کے سینئر پی آراو ڈاکٹر ایس ایچ جعفری اور ڈاکٹر رمز ہوائی (ڈینٹسٹ) نے کینسر کے سلسلے میں آگاہی اور تمباکو نوشی اور گٹکے کے مضر اثرات سے حاضرین کو آگاہ کیا ۔ چاچا نہرو ہندی ہائی اسکول کے ہال میں ، ادا اکیڈمی کے سلطان قریشی اور ان کی ٹیم نے کینسر کے تدارک اور احتیاط کے سلسلے میں ایک با مقصد نکڑ ناٹک پیش کیا اور حاضرین سے داد وتحسین حاصل کی ۔ سارےگاما سنگرس گروپ کے سنگرس نے سہیل انصاری کی قیادت میں فلمی نغمے پیش کر کے سامعین کا دل جیت لیا ۔ انٹر نیشنل یوگا کھلاڑیوں پر مشتمل یوگا ٹیم نے یوگا انسٹرکٹر روی پوار کی رہنمائی میں یوگا کے متعدد آسنوں کا مظاہرہ کیا جس سے ناظرین عش عش ہو اٹھے ۔

اس مقابلے میں اول دوم سوم آئے کھلاڑیوں کو انعامات کے علاوہ سبھی کھلاڑیوں کو اسناد سے نوازا گیا ۔ اقصیٰ گرلز ہائی اسکول  کے طالبات نے بھی کینسر سے احتیاط اورتمباکو اور گٹکا نوشی سے اجتناب پر سامعین سے خطاب کیا ۔ شہر کے مختلف اسکولوں ، کالجوں کےطلبا وطالبات نیز اسپورٹس کے اساتذہ کے علاوہ پوشم پیلو ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر بھی اس ریس میں موجود تھے ۔ بڑی تعداد میں بوہرہ سماج کے افراد اپنے مذہبی رہنما کے ہمراہ صبح سے موجود تھے ۔ کھلاڑیوں کی حفاظت نیز ریس کےراستے کی نگرانی اور ٹریفک کنٹرول کے لئے ایمبولنس ‘رضاکار اور پولس اہلکاروں کا بہترین بندوبست بھی تھا ۔ پروگرام کے اخیر میں کوئنس فٹ نس سینٹر بھیونڈی فٹنس انسٹرکٹر مرتضیٰ مومن نے سبھی مہمانان ، طلباو طالبات ، اساتذہ کرام اور گیت اور سنگیت نیزنکٹر ناٹک ، یوگا کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں ، ادا کاروں اورموجود تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.