اے ایم یو کی 7؍طالبات کو بدر جہاں میموریل اسکالرشپ سے نوازا گیا
علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی 7؍طالبات کو بدر جہاں میموریل اسکالرشپ سے نوازا گیا ہے۔ یہ سبھی طالبات انڈرگریجویٹ کورسیز کے سالِ اوّل میں زیر تعلیم ہیں، جن میں صبوحی وسیم، تزئین جنید، شِفا رانی، عِفرا منظور، عائشہ ارشاد، نغمہ خان اور مسرت جہاں شامل ہیں۔ یہ اسکالر شپ تین سال کے لئے دی جاتی ہے جس میں تعلیم اور طعام کے اخراجات شامل ہیں ۔
اسکالرشپ کے کوآرڈنیٹر، بوسٹن، امریکہ میں مقیم ڈاکٹر سید مسرت علی نے بتایا کہ ہر سال یہ اسکالرشپ انڈرگریجویٹ کورسیز کے سال اوّل کی 5-7؍طالبات کو دی جائے گی۔
یونیورسٹی کے ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر مسٹر سعد حمید نے منتخب طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ہونہار طلبہ طالبات کی مدد کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے، اسکالرشپ سے طالبات کو اپنا تعلیمی سفر کامیابی کے ساتھ جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔