صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ممبئی اوراطراف میں بارش دوبارہ شروع ،عوام کو گرمی سے راحت

87,888

پانی جمع ہونے سے اندھیری اورملاڈ سب وے ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔شہرومضافات کیلئے جمعہ تک اور تھانے کیلئے سنیچر تک ’یلوالرٹ‘ جاری۔آئندہ چند روز برسات کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے ممبئی کیلئے جمعہ تک اور تھانے کیلئے سنیچر تک کیلئے ’یلو الرٹ‘ جاری کیا ہے جبکہ گزشتہ بدھ تک ممبئی کیلئے معمولی بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ممبئی کے مقابلے مضافات میں زیادہ بارش درج کی گئی ہے اور مضافات کے مختلف علاقوں میں رات ہی سے اور کچھ علاقوں میں علی الصباح سے موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

بی ایم سی نے یقین دہانی کرائی تھی کہ بارش کا پانی جمع ہونے سے اندھیری سب وے بند نہ ہو، اس کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں لیکن اس سال بارش کی ابتداء ہی سے جب بھی تیز بارش ہوئی، اندھیری سب وے پانی بھرنے کی وجہ سے بند کرنا پڑا۔ جمعرات کو بھی یہی ہوا ۔ شام کو اندھیری سب وے اور ملاڈ کا سب وے پانی جمع ہونے کی وجہ سے بند کرنا پڑا۔

سوشل میڈیا پر چند افراد نے اس کا مذاق بھی بنایا اور لکھا کہ جب تک اندھیری سب وے بند نہ ہو، تب تک ممبئی کی بارش ادھوری رہتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح ۸؍ بجکر ۳۰؍ منٹ سے شام ساڑھے ۵؍ بجے تک قلابہ کی مشاہدہ گاہ میں ۴۳ء۶؍ملی میٹر جبکہ سانتاکروز کی مشاہدہ گاہ میں ۹۲ء۵؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور ساتھ ہی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے جو ضوابط طے کر رکھے ہیں، ان کے مطابق ۱۵ء۶؍ملی میٹر سے ۶۴ء۴؍ ملی میٹر تک ہونے والی بارش کو درمیانی درجہ کی بارش مانا جاتا ہے۔۱۵ء۶؍ ملی میٹر تک کم بارش اور ۶۴ء۴؍ ملی میٹرکے اوپر بارش ہونے پر زیادہ بارش تصور کی جاتی ہے۔

جمعرات کو شام ساڑھے ۵؍ بجے تک گزشتہ ۹؍ گھنٹوں کے دوران شہرو مضافات کے جن علاقوں میں زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے، ان میں جوہو میں ۸۴؍ملی میٹر، رام مندر پر ۸۸، ماٹونگا میں ۷۶، سائن میں ۷۵، دہیسر میں ۷۱، دیونار میں ۱۷۳، چنچولی ۱۱۹، اندھیری میں ۱۱۱، بھانڈوپ ۱۰۶، جوگیشوری ۱۰۴، وکھرولی ۱۰۳، چمبور ۱۰۱؍ اور ملنڈ میں ۸۲؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بی ایم سی کے مطابق بائیکلہ میں ۵۹؍ ملی میٹر، کرلا میں ۸۴، مالونی میں ۱۱۷؍ اور باندرہ میں ۹۳؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔

جمعرات کو وسئی -ویرار میں دن کے وقت محض ۱۵؍ منٹ کے وقفہ میں ۲۷؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ ۱۰؍ گھنٹوں کے وقفہ میں یہاں ۱۲۹؍ ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ آئندہ ۲۴؍ گھنٹوں میں وسئی ویرار میں شدید بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

میرا روڈ کے گیتانگر فیز۲؍ میں رہائش پذیر اکرم خان نے بتایا کہ میرا روڈ میں پانی کی قلت کے سبب اعلان کیا گیا تھا کہ جمعہ اور سنیچر کو پانی سپلائی نہیں ہوگا، البتہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہی سے یہاں موسلادھار بارش شروع ہوگئی۔ موسم کا حال بتانے والے نجی ادارے ’اسکائی میٹ‘ کے مطابق آئندہ ۳؍ سے ۴؍ روز تک ممبئی میں کبھی کم کبھی زیادہ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

اسکائی میٹ کے مطابق الگ تھلگ مقام پر بہت زیادہ تیز بارش بھی ہوسکتی ہے۔ واضح رہے کہ ممبئی میں جون اور جولائی میں اچھی بارش ہوئی تھی جو مجموعی طور پر ۲؍ہزار ملی میٹر سے زیادہ تھی۔ اس کے برخلاف اگست میں معمولی بارش ریکارڈ کی گئی اور ستمبر کے پہلے ہفتے میں بھی محض ۱۰؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔اب امید ظاہر کی جارہی ہے کہ اگر ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں پر بھی اطمینان بخش بارش ہوتی ہے تو پانی کٹوتی کا مسئلہ کچھ حد تک حل ہوسکتا ہے۔

جمعرات کی صبح ۶؍ بجے تک ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں ۹۰ء۳۷؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا جو گزشتہ چند روز کے مقابلے کم ہوا ہے۔ البتہ جمعرات کو ہونے والی بارش کے بعد کی پانی کی سطح کے تعلق سے تادم تحریر کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی تھی

Leave A Reply

Your email address will not be published.