صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ممبئی، تھانے اورنوی ممبئی میں صحافیوں کا زبردست احتجاج

87,725

صحافی پر حملے اور صحافیوں کے تحفظ کے قانون پر سختی سے عملدرآمد نہ ہونے پرناراضگی کا اظہار کیا۔ تھانے میں کلکٹر کو میمورنڈم دیا گیا

صحافی پر ہونے والے حملے اور صحافیوں کے تحفظ کے قانون پر سختی سے عملدرآمد نہ کئے جانے کے خلاف ممبئی ، تھانے ، نوی ممبئی اور ریاست کے دیگر اضلاع کے صحافیوں کی مختلف تنظیموں نے جمعرات کی دوپہر ۱۲ ؍بجے بیک وقت احتجاج کیا اور محض قانون بنا کر اس پر عمل نہ کرنے کے رویے کی مذمّت کرتے ہوئے صحافیوں کے تحفظ کے قانون کی کاپیاں نذرآتش کیں۔

ممبئی میں صحافیوں کی ۱۱؍تنظیموں نے ہتاتما چوک پر صحافیوں کے تحفظ کے قانون کی کاپی نذر آتش کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن جب مظاہرین وہاں پہنچے تو پولیس نے انہیں احتجاج کرنے سے روک دیا اور پولیس وین میں بٹھا کر آزاد میدان پولیس اسٹیشن لے جایا گیا جہاں انہیں چھوڑ دیا گیا۔

صحافیوں نے مراٹھی پترکار سنگھ کے باہر مذکورہ قانون کی کاپیاں نذرِ آتش کیں اور صحافیوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے نعرے لگائے۔ اس احتجاج میں مراٹھی پترکار سنگھ، برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن پترکار سنگھ، ممبئی پریس کلب، منترالیہ اور ودھی منڈل پترکار سنگھ،فوٹو جرنلسٹ اس طرح ۱۱؍ تنظیموں کے اراکین شامل تھے۔ احتجاج سے قبل مختصراً پروگرام میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ سبھی پولیس اسٹیشنوں کو مذکورہ قانون پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت ‌دے کیونکہ اکثر پولیس اسٹیشن اس قانون سے لاعلمی کا اظہار کرتےہیں ،جلگاؤں کے صحافی سندیپ مہاجن پر حملہ کرنے والوں پر اقدام قتل کا معاملہ درج کیا جائے اور کیس کی سماعت فاسٹ ٹریک کورٹ میں کی جائے اورسبھی صحافیوں ، فوٹوگرافرس اور کیمرہ مین کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

تھانے ضلع اور شہر پترکار سنگھ نے بھی ضلع کلکٹر کو میمورنڈم دیا جبکہ واشی (نوی ممبئی) میں چھترپتی شیوا جی مہاراج چوک پر صحافیوں نے زبردست احتجاج کیا۔ نوی ممبئی کے پولیس کمشنر ملند بھا مرے نے آکر صحافیوں کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.