صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

حکومت مہاراشٹر نے نجی لیبارٹری میںکرونا جانچ کی فیس ۲۲؍ سو روپئے طے کی

285,687

ممبئی: بڑھتے ہوئے کرونا وائرس کے انفیکشن کے پیش نظر ریاستی حکومت نے ایک اہم فیصلہ لیا ہے۔ ریاستی حکومت کے اس فیصلے کے تحت  نجی لیبارٹری کرونا ٹیسٹنگ کے لئے زیادہ سے زیادہ ۲۲؍ سو روپئےروپے وصول کرسکتی ہیں۔ اس سے قبل کرونا ٹیسٹ کی فیس  لگ بھگ۴۴؍ سو روپئے تھی ۔ کئی طرح کے ٹیکس کے لاگو ہونے کی وجہ سے نجی لیبارٹری میں کرونا کی جانچ کے لئے فیس زیادہ لی جاتی تھی ۔

مگر اب حکومت نے اس ٹیسٹ کے لئے ۲۲؍ سو روپئے سے زائد نہ لینے کا حکم جاری کیا ہے ۔ اسی طرح  اگر کسی شخص کے گھر سے خون اور لعاب دہن کے نمونے لئے جائیں تو اس میں مزید چار سو روپئے کا اضافہ کرتے ہوئے ۲۸؍ سو روپئے فیس لینا طئے کیا گیا ۔

ریاستی حکومت کے اس نئے حکم نامے کی وجہ سے کرونا کے نام پر جاری لوٹ مار پر لگام لگے گی ۔اس نئے حکم نامے کے تحت عام آدمی کو کافی حد تک راحت ملنے کی امید ہے ۔اس طرح  کی معلومات وزیر صحت راجیش ٹوپے نے  دی  ہے ۔

اسٹیٹ ہیلتھ گارنٹی سروسز سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سدھاکر شندھے کی سربراہی میں ایک چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ، جسے ایک ہفتہ کی مدت دی گئی تھی۔ وزیر صحت نے بتایا کہ کمیٹی نے مقررہ وقت کے اندر اپنی رپورٹ پیش کی ہے اور عام لوگوں کو راحت ملی ہے۔ نجی لیب اور ریاستی حکومت کے ذریعے قائم کردہ کمیٹی کے مابین تبادلہ خیال ہوا۔

میٹنگ میں نجی لیب والوں نے کرونا ٹیسٹ کی لاگت کو کم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ اس وقت ریاست میں۴۴؍ سرکاری اور ۳۶؍ نجی لیبارٹریز ہیں جن میں آر ٹی پی سی آر کی جانچ کی سہولیات ہیں۔ کرونا ٹیسٹ سرکاری لیبارٹری میں بلا معاوضہ کی جارہی ہے ۔اس سلسلے میں محکمہ صحت نے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ وزیر صحت نے بتایا کہ کمیٹی نے حکومت کو ایک رپورٹ پیش کی ہے اور ان کی سفارشات کے مطابق شرح طے کی گئی ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.