صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ناگالینڈ میں شہری ہلاکتوں پر جماعت اسلامی ہند کا اظہار تشویش

73,902

            

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر سلیم انجینئر نے ناگالینڈ کے مون ضلع کے اوٹنگ گاؤں کے قریب ترو کے علاقے میں شہریوں کی ہلاکتوں پر صدمے اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا کے لیے جاری کردہ ایک بیان میں نائب امیر جماعت اسلامی ہند نے کہا: 15 سے زائد نہتے شہریوں اور ایک فوجی کی ہلاکت کی خبر سے ہمیں حیرانی اور تشویش ہے۔

میڈیا کی اطلاعات کے مطابق فوج نے کوئلے کی کان کے مزدوروں کو لے جانے والی وین پر شک کی بنیاد پر فائرنگ کی تھی۔ مزدوراپنے گاؤں اوٹنگ کی طرف بڑھ رہے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بعد ازاں دیہاتیوں نے مسلح افراد پر حملہ بول دیا اور فوجیوں نے اپنے بچائو کے لئے فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں سات افراد کی اموات واقع ہوئیں، اور اسی جھڑپ میں ایک فوجی بھی مارا گیا۔

نائب امیر جماعت نے کہا ہم اس جانی نقصان پر ان کے لواحقین اور رشتہ داروں کے ساتھ غم میں شریک ہیں اور امید کرتے ہیں کہ حکومت کی طرف سے اعلان کردہ اعلیٰ سطحی تحقیقات سے اس واقعہ کی حقیقت سامنے آئے گی اور ان ہلاکتوں میں ملوث کسی کو بھی نہیں بخشا جانا چاہیے۔ یہ واقعہ ہمارے انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ ہم مہلوکین کے لواحقین کو مناسب معاوضہ دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

جماعت اسلامی ہند کا احساس ہے کہ فوج کے لیے یہ بے حد ضروری ہے کہ وہ امن و امان  یا لا اینڈ آرڈر کی برقراری کے لیے ان کے زیر کنٹرول علاقے میں عام شہریوں کے ساتھ نمٹنے میں انتہائی محتاط اور حساس رہے۔ کچھ مشتبہ سرگرمیوں کے دوران عام شہریوں سے نمٹنے سے متعلق رہنما ہدایات کی سختی سے تعمیل ہونی چاہیے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ واقعہ دوبارہ نہیں ہوگا اور غمزدہ خاندانوں کے لیے انصاف کو یقینی بنایا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.