۲۰۱۹ میں عام آدمی کی حکومت قائم ہوگی
آل انڈیا کسان سبھا کے جلسے میں اشوک چوہان کی بی جے پی حکومت پر سخت تنقید
ممبئی: مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اشوک چوہان نے کہا کہ ۲۰۱۹ میں ملک میں کسانوں کی حکومت ، عام آدمی کی حکومت یعنی کہ ہماری حکومت قائم ہوگی ۔ وہ یہاں یشونت راؤ چوہان پرتسٹھان میں آل انڈیا کسان سبھا کے ذریعے منعقدہ کسان حق پریشد کے جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے اسٹیج پر کانگریس وراشٹروادی کانگریس کے لیڈران کی موجودگی پر سوال کیا جاسکتا ہے لیکن عوام کی خواہش ہے کہ ہم سب ایک ساتھ آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ۳۰ فیصد ووٹ حاصل کرنے والے آج اقتدار میں ہیں جبکہ ۷۰ فیصد ووٹ حاصل کرکے ہم لوگ اپوزیشن میں ہیں ۔ لوگوں کو یہ یقین ہوچلا ہے کہ یہ حکومت کسی کو بھی فائدہ نہیں پہونچا سکتی۔یہ حکومت کسان مخالف ہے اور کچھ صنعتکاروں کے ہاتھوں کی کٹھ پتلی بنی ہوئی ہے ۔ اشوک چوہان نے کہا کہ کسانوں اور عام لوگوں کے حقوق کے لئے یہ کسان پریشد منعقد ہوئی ہے جو آئندہ مہاراشٹر کی سمت متعین کرے گی ۔ انہوں نے حکومت کی ناکامی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت صرف بڑی بڑی کمپنیوں کو فائدہ پہونچانے کے لئے منصوبے وپروگرام بناتی ہے ۔ اس حکومت نے فصل بیما یوجنا کا پروگرام لائی جو مکمل طور پر فلاپ ہوا ۔ اس یوجنا کے تحت کسانوں نے ۳۳۱۷ کروڑ روپئے انشورنس کے ہفتہ کے طور پر ادا کیا لیکن انہیں ہر جانے کے طور پردیا گیا صرف ۱۹۰۰؍ کروڑ روپئے ۔ بیشتر کسانوں کو انشورنس کے پیسے دینے سے انکار کردیا گیا ۔ کسانوں نے جو پیسہ ہفتہ کے طور پر ادا کیا تھا اس میں سے بچے ہوئے پیسےانشورنس کمپنیوں کی تجوری میں گیا ۔ یعنی کہ یہ حکومت کا یہ پروگرام انشورنس کمپنیوں کو فائدہ پہونچانے کے لئے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آج ریاست کی صورت حال یہ ہے خشک سالی نظر تو آرہی ہے لیکن نگراں وزیر نظر نہیں آرہے ہیں ۔ اس حکومت کے نزدیک تشویشناک خشک سالی اور انتہائی تشویشناک خشک سالی کا اعلان کیا ہے جبکہ ایسا کچھ نہیں ہے ۔ حکومت صرف اعلانات کرتی ہےجبکہ اس پر عمل ندارد ہے۔یہ فڑنویس سرکار نہیں بلکہ لوگوں کو پھنسانے والی پھسنویس سرکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے کسانوں کے لئے مینیمم سپورٹ پرائز کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ کسانوں کی فصلوں کو مینیمم سپورٹ پرائز کے تحت خریدیں گے اور اس کے لئے قانون بنائیں گے ، لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں یہ ریاست ترقی اور سرمایہ کاری میں اول مقام پر تھا لیکن گزشتہ چار سالوں سے یہ کسانوں کی خودکشی کے معاملے میں اول مقام پر ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ ہم سب ایک ساتھ آکر اس حکومت کو اقتدار سے بے دخل کریں۔ اس موقع پر اسٹیج پر راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی صدر اشوک چوہان، اسمبلی میں حزبِ مخالف لیڈر رادھا کرشن وکھے پاٹل ، راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر جینت پاٹل، کسان سبھا کے لیڈر ہونم مولّا ، شیتکری کامگار پکش کے لیڈر جینت پاٹل ، ایم ایل اے جیوا پانڈو گاوت ، ایم ایل اے بالارام پاٹل ، سابق ایم ایل اے نرسیّا آڈم ، بھالچندر کانگے ، اشوک ڈھولے ، اجیت نولے ، الکا مہاجن اور وشواش اٹگی وغیرہ موجود تھے۔