حاجی حیدر اعظم کی مومن ویلفیئر سوسائٹی،مومن جماعت خانہ بھیونڈی میں آمد
بھیونڈی : (نامہ نگار) مولانا آزاد اقلیتی مالیاتی ترقیاتی کارپوریشن لمٹیڈ کے چیئرمین حاجی حیدر اعظم گزشتہ دنوں بھیونڈی میں تشریف لائے ۔ اس موقع پر انہوں نے مومن جماعت خانے میں مومن ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام منعقدہ ایک تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور حاضرین سے خطاب کیا ۔ موصوف کے ساتھ بھیونڈی مغرب کے ایم ایل اے مہیش چوگلے اور بی جے پی بھیونڈی کے صدر سنتوش شیٹی بھی موجود تھے اس موقع پر حاضرین کے سامنے ’اسکالر شپ اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع‘ عنوان پر معروف کریئر کونسل مومن فیاض احمد (معلم صمدیہ ہائی اسکول) نے مختلف سرکاری ، غیر سرکاری اور نجی اسکالرشپ اسکیموں سے حاضرین کو روشناس کرایا ۔
فہیم مومن (لیکچرر صمدیہ جونیر کالج) نے اعلیٰ تعلیم میں مواقع اور امکانات کے موضوع پر بات کی۔ جبکہ ساجد صدیقی (پرنسپل صمدیہ ہائی اسکول و جونیر کالج) نے ہمارے طلبہ میں بڑھتی ہوئی نشہ کی لت اور اس کے تدارک کے لیے والدین و سرپرست کی ذمہ داریاں ، اس موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اس موقع پر مومن ویلفیئر سوسائٹی کے صدر شفیق احمد عبدالرشید مومن نے سوسائٹی کی کارکردگی حاضرین کے سامنے پیش کی۔ سوسائٹی کے اعزازی سیکریٹری سبحان سکندر انصاری نے تمام مہمانان کا استقبال کیا۔
سوسائٹی کے نائب صدر عبدالماجد مومن نے اپنے مختصر خطاب میں مومن ویلفئیر سوسائٹی کی مستقبل کا منصوبہ پیش کیا ۔ صمدیہ اسکول جونیئر کالج کے لیکچرار فہیم مومن نے اس پروگرام کی کامیاب نظامت کی اور دوران نظامت مختلف کورسز اور مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کی اسکیموں کا تذکرہ کیا ۔ اپنی تقریر میں مہمانِ خصوصی حاجی حیدر حاجی حیدر اعظم نے مولانا آزاد اقلیتی مالیاتی ترقیاتی کارپوریشن لمیٹیڈکی مختلف اسکیموں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت ان اسکیموں سے استفادہ کی شرائط آسان سے آسان تر کی جارہی ہے جس کا واحد مقصد یہ ہے کہ اقلیتی طبقے کو مین اسٹریم میں لانے کے لیے جو عزم حکومت کا ہے وہ پورا ہوسکے ۔ حیدر نے مزید لوگوں سے کہاکہ وہ لوگوں کے بہکاوے میں نہ آئیں مرکز اور ریاست میں برسراقتدار حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے پابندعہد ہے اور کئی اسکیمیں بالخصوص اقلیتی طبقات کے لیے شروع کی گئیں ہیں ۔
ان اسکیموں کی حصولیابی میں جو مشکلات ہیں انھیں مزید نرم کیا جائے گاتاکہ اقلیتی طبقہ اس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکے ۔ موصوف نے اس موقع پر مومن ویلفیئر سوسائٹی کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا کہ ان کے توسط سے کئی افراد کو مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کی اسکیموں کا فائدہ مل سکا اس تقریب میں دیگر مہمانان میں مومن ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرست یوسف حسن مومن ، توحید شیخ ، جی ٹی فائونڈیشن کے فضیل انصاری ، سیکریٹری کے خازن طفیل مومن ، عاصم انصاری ، معین مومن اور بڑی تعداد میں خواتین و مرد کی تعداد موجود تھی ۔