صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

کیا وزیراعلیٰ نے مہاراشٹر میں بھی ای وی ایم مینیج کیا ہے ؟: اشوک چوہان

1,245

مہاڈ: ریاست میں ابھی اسمبلی کا الیکشن نہیں ہوا ہے، اس کے باوجود وزیراعلیٰ دیوندر فڈنویس کا یہ دعویٰ کہ ریاست کا اگلا وزیراعلیٰ میں ہی ہونگا، یہ شک پیدا کرتا ہے کہ ای وی ایم کے تعلق سے لندن میں ہوئے انکشاف کے بعد کیا وزیراعلیٰ نے مہاراشٹر اسمبلی کے لئے ای وی ایم مینیج کرلیا ہے؟ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ممبر پارلیمنٹ اشوک چوہان نے کہی ہیں۔ مہاڈ میں جن سنگھرش یاترا کے دوران منعقدہ جلسۂ عام سے وہ خطاب کررہے تھے۔ ۲۰۱۴ کے پارلیمانی انتخاب میں بی جے پی نے ووٹنگ سسٹم کو ہیک کرلیا تھا، جس کے انکشاف کے بعد آج پورے ملک میں ہنگامہ برپا ہے۔ اشوک چوہان اسی بنیادپر بی جے پر تنقید کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ۲۰۱۴ کے انتخاب میں بی جے پی نے کانگریس مکت بھارت کا نعرہ دیا تھا۔ لیکن بی جے پی وشیوسینا کے دورِ اقتدار میں عوام اب کانگریس یکت بھارت کا نعرہ لگانے لگی ہے۔ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان کے نتائج سے یہ ثابت ہوجاتا ہے۔ اس موقع پر اشوک چوہان نے آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری کے عہدے پر پرینکا گاندھی کے تقرری پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ پرینکا گاندھی کو پارٹی میں ذمہ داری دیئے جانے کا مطالبہ کانگریسی کارکنان کررہے تھے۔ پرینکا گاندھی نے جنرل سکریٹری کے عہدے کے ساتھ مشرقی اترپردیش کے نگراں کے عہدے کی ذمہ داری قبول کی ہے، جس کی وجہ سے کارکنان میں نہایت جوش وخروش ہے اور آنے والے انتخابات میں اس کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔


اشوک چوہان نے کہا کہ بی جے پی وشیوسینا کی مرکزی وریاستی حکومت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انتخابات کے عین موقع پر سیمنٹ کی سڑکیں بنانے کا ٹھیکہ دے کر کنٹریکٹروں کو فائدہ پہونچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ آنے والے دنوں میں عوام کو گمراہ کرنے اور خود کی تشہیر کے لئے کچھ مزید فیصلے لئے جائیںگے، کچھ اعلانات کئے جائیں گے۔ لیکن اب عوام ان کے گمراہ کن باتوں کا شکار نہیں ہوگی۔ کیونکہ کسانوں کی قرض معافی، روزگار کی دستیابی، مہنگائی، لاء اینڈ آرڈر جیسے محاذ پر حکومت کی ناکامی کو عوام ساڑھے چار سال سے جھیل رہی ہے۔ اس لئے آئندہ انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کے نائب صدر اور سابق کابینی وزیر محمد عارف نسیم خان نے بھی بی جے پی وشیوسینا پرزبردست تنقید کی اور کہا کہ ان کے پاس فرقہ پرستی اور ووٹوں کے پولرائزیشن کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے وہ مرکزی حکومت ہو یا پھر ریاستی، ان کے پاس ایسا کوئی کام نہیں ہے جن کی بنیاد پر یہ عوام کے درمیان جاسکیں۔ انہوں نے عوام کو اگر کچھ دیا ہے تو وہ مہنگائی، بیروزگاری اورفرقہ پرستی ہے۔ نسیم خان نے کہا کہ ملک وریاست کی عوام اب بی جے پی وشیوسینا کی چالوں کو اچھی طرح سمجھ چکی ہے اور وہ اب ان کی شکار نہیں ہونے والی ہے۔ ہم پوری ریاست میں دیکھ رہے کہ بی جے پی وشیوسینا کے خلاف عوام میں زبردست ناراضگی ہے اور یہ ناراضگی ووٹنگ کے دن عوام نکالے گی۔


اس جلسۂ عام سے ممبر پارلیمنٹ حسین دلوائی، بھائی جگتاپ، سابق ایم ایل اے مانک راؤ جگتاپ وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر اسٹیج پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری و مہاراشٹر کے نگراں بی ایم سندیپ، بھائی جگتاپ ، مانک راؤ جگتاپ ، رائے گڑھ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر آر سی گھرت، سابق ایم ایل اے سبھاش چوہان، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری رام کشن اوجھا، راجن بھوسلے، پرکاش سوناؤنے، مناف حکیم، سکریٹری شاہ عالم شیخ، الناصر زکریا، شردھا ٹھاکور سمیت ہزاروں کی تعداد میں عوام اور کانگریسی کارکنان شریک تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.