صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ناگپور حلقہ میں آج سے کانگریس کی جن سنگھرش یاترا کی شروعات

ریاستی صدر اشوک چوہان سمیت دیگر اہم ریاستی لیڈران کی شرکت، کانگریسی کارکنان میں زبردست جوش وخروش

1,245

ممبئی : مرکزی وریاستی حکومت کی ناکامیوں اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اشوک چوہان کی قیادت میں کانگریس کی ریاستی سطح کی جن سنگھرش یاترا آج سے ودربھ کے ناگپور علاقے میں شروع ہورہی ہے ، جس کے لئے کانگریس نے زبردست تیاریاں کی ہیں اور اس کے لئے کانگریسی کارکنان میں زبردست جوش وخروش پایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ جن سنگھرش یاترا کا یہ پانچواں مرحلہ ہے ۔ اس سے قبل مغربی مہاراشٹر ، شمالی مہاراشٹر ، مراٹھواڑہ اور امراؤتی ڈیویژن میں یہ جن سنگھرش یاترا ہوچکی ہے جس میں زبردست عوامی جوش وخروش کا مظاہرہ ہوا ۔ جمعرات ۱۰؍جنوری کو صبح ۱۰؍بجے ناگپور کے دکشابھومی سے اس پانچویں مرحلے کے جن سنگھرش یاترا کی ابتداء ہوگی۔ دوپہر ۱۲؍بجے کماٹھی میں جن سنگھرش یاترا کا عظیم الشان استقبال ہوگا۔ دوپہر ۳۰۔۲ بجے رام ٹیک میں اس یاترا کا پہلا عظیم الشان جلسۂ عام منعقد ہوگا۔ شام کو ۵بجے تومسر ضلع بھنڈارہ میں اس یاترا کا زبردست استقبال کیا جائے گا اور شام ۶بجے تیروڈا میں جلسۂ عام ہوگا ۔

جمعہ ۱۱؍جنوری کو صبح ۱۰؍بجے گوندیا ، دوپہر ۲ بجے سڑک ارجنی اور شام ۴بجے ساکولی ضلع بھنڈاراہ میں جلسۂ عام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ سنیچر ۱۲؍جنوری کو صبح ۱۰؍بجے بھنڈارہ،دوپہر ۱۵۔۲ بجے چمور ضلع چندرپور میں جلسۂ عام ، شام ۵بجے ورورا میں یاترا کا استقبال اور شام ۶ بجے چندرپور میں ریلی وجلسۂ عام کا انعقاد ہوگا ۔ اتوار ۱۳؍جنوری کو صبح ۳۰۔۱۰؍بجے گڈچرولی ، دوپہر ۲بجے برہمپوری میں جلسہ عام کا انعقاد ہوا اور اسی دن شام ۶ بجے ناگپور میں اس یاترا کا اختتامی جلسہ عام ہوگا ۔

جن سنگھرش یاترا میں اسمبلی کے حزبِ اختلاف لیڈر رادھا کرشن ویکھے پاٹل، سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان، سابق وزیر ایم ایل اے بالاصاحب تھورات، سینئر لیڈر وودھان پریشد کے ڈپٹی چیئرمین مانک راؤ ٹھاکرے، سابق وزیر وایم ایل اے محمد عارف نسیم خان سمیت ریاستی کانگریس کے دیگر اہم لیڈران، پارٹی کے عہدیداران وکارکنان بڑی تعداد میں شریک ہونگے۔ مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اشوک چوہان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مرکزی وریاستی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں وناکامیوں کے خلاف نیز عوام کوان کا حق دلانے و ریاست کی بھلائی کے لئے کانگریس پارٹی کے اس جنگھرش یاترا میں بڑے پیمانے میں شرکت کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.