راہُل گاندھی کی قیادت میں پھر کانگریس کی حکومت آنے والی ہے
بھیونڈی میں منعقدہ استقبالیہ تقریب میں کانگریس اقلیتی شعبہ کے ریاستی آبزرور اقبال صدیقی کی پیشن گوئی
بھیونڈی: (عارف اگاسکر) مہاراشٹر اقلیتی شعبہ کےکو آرڈینیٹر اور ترجمان اقبال صدیقی کے اعزاز میں آج بھیونڈی میں پرویز خان عرف پی کے (سکریٹری کانگریس ریاستی اقلیتی شعبہ) کے دفتر میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقبال صدیقی نے کہا کہ ملک میں ایک مرتبہ پھر کانگریس کی جانب لوگوں کو رحجان بنتا جا رہاہے۔ ۲۰۱۲ء میں جس جھوٹ کی سیاست کی شروعات انا ہزارے ‘رام دیو بابا‘ روی شنکر اور دیگر لوگوں نے شروع کی اور بھولی بھالی عوام کو ۱۵؍ لاکھ روپئے ہر شخص کے اکائونٹ میں جمع ہونے ‘مہنگائی پر قابو پانے اور اس طرح کے جھوٹے وعدوں کے سبز باغ دکھائے وہ سارے کے سارے وعدے وفا نہیں ہوئے اور عوام اب جاگ گئی ہے ۔ راجستھان ‘مدھیہ پردیش اور دیگر ریاستوں میں کانگریس کی لہر ہے اور بی جے پی چھوڑ کر لوگ کانگریس میں شامل ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید یہ کہا کہ ۲۰۱۹ء کے پارلیمانی انتخاب میںملک میں ایک مرتبہ پھر راہُل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی حکومت آنے والی ہے۔اقبال صدیقی نے مزید کہا کہ ندیم جاوید (صدر آل انڈیا کانگریس اقلیتی شعبہ) اور محمد اکرم (انچارج مہاراشٹر کانگریس اقلیتی شعبہ) کی قیادت میں گزشتہ ایک ماہ کے قلیل عرصے میں انھوں نے کرناٹک اور دیگر ریاستوں کے ۱۸؍ اضلاع کا دورہ کیا اور کانگریس اقلیتی شعبہ کو مضبوط و فعال کرنے کے سلسلے میں کارآمد اقدام کئے ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ اقلیتی فرقے کے افراد کی ایک بڑی تعداد سیاست میں سرگرم عمل ہونے کو تیار بیٹھی ہے ان تک پہنچ کر انھیں کانگریس سے جوڑنے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے بھیونڈی شہر میں پرویز خان عرف (پی کے) (سکریٹری مہاراشٹر کانگریس اقلیتی شعبہ) نیز طفیل فاروقی (صدر بھیونڈی شہر اقلیتی شعبہ) کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہاں بڑی تعداد میں لوگ کانگریس کے اقلیتی شعبہ سے جڑ رہے ہیں اور پہلے کے مقابلے اب فعالیت میں اضافہ ہوا ہے۔ اس موقع پر پرویز خان عرف(پی کے) نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہائی کمان نیز کانگریس اقلیتی شعبہ کے ہمارے قائدین کی رہنمائی میں کانگریس کو مضبوط کرنے اور نوجوان نسل کو سرگرم سیاست میں حصہ لینے کی جانب راغب کرنے کی ہر ممکن کوشش ہماری جانب سے جاری ہے جس کی ایک کڑی آج کی اعزازی تقریب ہے ۔ کانگریس اقلیتی شعبہ کےقومی صدرجاوید ندیم ‘ انچارج مہاراشٹر پر دیش کانگریس اقلیتی شعبہ محمد اکرم اور اقبال صدیقی نیز دیگر کوآرڈینیٹرس کی رہنمائی میں آئندہ سال ہونےو الی پارلیمانی الیکشن کے مد نظر لائحہ عمل ترتیب دینے کے ساتھ ساتھ اس پر عمل در آمد کا سلسلہ بھی جاری ہےجو اس سے قبل دھیمی رفتار سے جاری تھا اب اس میں تیزی آگئی ہے۔بھیونڈی شہر ضلع کانگریس اقلیتی شعبہ کے صدر طفیل فاروقی نے اس تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ بہت جلد وہ بھیونڈی شہر ضلع کانگریس اقلیتی شعبہ کی باڈی تشکیل دینے والے ہیں جس میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ تمام اقلیتوں مثلا ًبودھ ‘سکھ ‘جین وغیرہ سے نوجوانوں اور بااثر معزز شخصیات کو شامل کریں گے ۔ موجودہ حکومت نے اقلیتوں کے ساتھ نا انصافی کا معاملہ روا رکھا ہے ہماری کوشش یہ ہوگی کہ اقلیتوں کو ان کے جائز حقوق ملیں اور اس کے لئے ہمیں احتجاج کرنا پڑا تو ہم کریں گے ۔