صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ریاست کوپستی میں ڈھکیلنے والی بی جے پی وشیوسینا حکومت کو دفن کردو : اشوک چوہان

1,262

گوندیا: ریاستی بی جے پی وشیوسینا حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مہاراشٹر ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر ایم پی اشوک چوہان نے آج یہاں عوام سے آئندہ انتخابات میں بی جے پی وشیوسینا کو دفن کردینے کی اپیل کی ہے ۔ کانگریس کی جانب سے ریاستی سطح پر جاری جن سنگھرش یاترا کے پانچویں مرحلے کے دوسرے روز گوندیا میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتدار میں شامل بی جے پی وشیوسینا ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ۔ ریاست کو پستی میں ڈھکیلنے والی اس حکومت کو آئندہ انتخابات میں دفن کردیجئے ۔

یہاں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اشوک چوہان نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈران نے اقتدرا میں آنے سے قبل عوام کو گمراہ کرنے کے لئے جو دل میں آیا وعدے کئے تھے ، لیکن ان میں سے ایک بھی وعدہ انہوں نے پورا نہیں کیا ۔ اس کے برخلاف مسلسل جھوٹ بول کر عوام کو دھوکہ دیا ۔ جھوٹ بولنے میں بی جے پی نے عالمی ریکارڈ قائم کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کسان روزآنہ خودکشی کررہے ہیں ، ان کی پیداوار کو مناسب قیمت نہیں دی جاری ہے ۔ پڑوس کی ریاست چھتیس گڑھ میں کانگریس حکومت فی کوئینٹل دھان کا ڈھائی ہزار روپئے قیمت دے رہی ہے ، لیکن مہاراشٹر کے کسانوں کو صرف ۱۶؍سو سے ۱۷؍سوروپئے ہی دیئے جارہے ہیں ۔ اشوک چوہان نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت نے دھان پیدا کرنے والے کسانوں کو فی کوئنٹل ۸سو روپئے بونس دے ۔

اشوک چوہان نے کہا کہ طالب علموں کو سرکاری وظائف وقت پر نہیں مل رہے ہیں ۔ آدیواسی ودلت طالب علموں کو ہاسٹل میں دیا جانے والا کھانا حکومت نے بند کردیا ہے ۔ ریاست میں خواتین پر ہونے والے مظالم میں اضافہ ہوا ہے ۔ ریاست کا ایک بھی طبقہ حکومت کے کام کاج سے مطمئن نہیں ہے ۔ ایک ساتھ اقتدار میں رہ کر بدعنوانی کرنے والی بی جے پی وشیوسینا نے چار سالوں میں ریاست کو عمیق گہرائیوں میں ڈھکیل دیا ہے اور اب یہ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کو پٹخنے کی باتیں کررہی ہیں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ریاست کو لوٹنے والی اس حکومت کو آئندہ الیکشن میں دفن کردیں ۔

اس جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی اسمبلی میں حزبِ اختلاف لیڈر رادھا کرشن ویکھے پاٹل نے بھی ریاستی حکومت کی کسان مخالف پالیسیوں پر تنقید کی ۔ انہوں نے کہاکہ یہ حکومت کسانوں کی مدد کرنا ہی نہیں چاہتی ۔ دھان کی پیداوار کو مناسب قیمت دینے اور قدرتی آفات سے متاثرہ کسانوں کی مدد کرنے جیسے مسائل پر ہم نے بارہا اسمبلی میں آواز بلند کی اور حکومت سے گہار لگائی ، لیکن حکومت ٹس سے مس نہ ہوئی ۔ گزشتہ بارانی اجلاس میں تو ہم نے دیر رات تک اسمبلی میں دھرنا دیا ، لیکن ہر بار حکومت نے صرف اور صرف وعدے کئے اور کبھی ان وعدوں پر عمل نہیں کیا ۔ ویکھے پاٹل نے کہا کہ کسانوں کو اس قدر دھوکہ دینے والی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کئے بغیر انصاف نہیں ملنے والا ہے ۔

سابق کابینی وزیر اور ریاستی کانگریس کے نائب صدر نسیم خان نے اس موقع پر بی جے پی وشیوسینا کے جھوٹ کی خبر لی اور کہا کہ اس حکومت نے جھوٹ بولنے کے تمام ریکارڈ توڑدیئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز سے لے کر ریاست تک جہاں جہاں بھی بی جے پی کی حکومت قائم ہے ، صرف اور صرف جھوٹ کی ہی بنیاد پر قائم ہے ۔ آج پورا ملک بی جے پی کے جھوٹ سے واقف ہوچکا ہے اور عوام کو جہاں جہاں موقع مل رہا ہے ، اسے حکومت سے بے دخل کررہی ہے ۔ راجستھان ، مدھیہ پردیش وچھتیس گڑھ اس کی تازہ مثال ہے ۔ نسیم خان نے کہا کہ اس قدر جھوٹ بولنے والی حکومت آزادی کے بعد سے آج تک ملک وریاست میں کبھی قائم نہیں ہوئی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ملک وریاست کو مزید پسی میں جانے سے روکنے کے لئے اس جھوٹی اور عوام کو گمراہ کرنے والی حکومت کو اکھاڑ پھینکنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

اس جلسے سے ودھان پریشد کے سابق ڈپٹی چیئرمین مانک راؤ ٹھاکرے ، اسمبلی میں پارٹی لیڈر ایم ایل اے وجئے وڈیٹی وار اور ضلع کانگریس کے صدر پرشوتم کٹرے نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر اسٹیج پر مقررین کے علاوہ آل انڈیا کانگریس کے سکریٹری ومہاراشٹر کے نائب نگراں آشیش دُوا ، ایم ایل اے گوپال داس اگروال ، سابق ایم ایل اے سیوک واگھاوے ، آشیش دیشمکھ ، ریاستی کانگریس کے پسماندہ طبقات کے صدر ڈاکٹر راجو واگھمارے ، ضلع پریشد صدر سیمامڈاوی ، ضلعی صدر پرشوتم کٹرے ، اننت راؤ دھارڈ ، پروفیسر ببن راؤ تائے واڈے ، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری رام کشن اوجھا ، شیام امالکر ، پرکاش سوناؤنے، ریاستی ترجمان اتل لونڈھے ، بنڈو ساورباندھے ، سابق ضلع پریشد صدر کے آر شینڈے ، اوماکانت اگنی ہوتری ، رام رتن راؤت وغیرہ موجود تھے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.