صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

شیوسینا سے اتحاد کیلئے بی جے پی کی کی چاپلوسانہ پیش قدمی جاری

1,616

ممبئی : (ریحان یونس) آئندہ لوک سبھا انتخابات میں شیوسینا بی جے پی اتحاد کو یقینی بنانے کی غرض سے مہاراشٹر کے وزیراعلی دیویندر فڈنویس نے شیوسینا کو رجھانے کی کوشش کرتے ہوئے فلم ٹھاکرے کے خصوصی پرومو کے دوران موقع کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ سے ہی آنجہانی بال ٹھاکرے کے پرستار رہے ہیں ۔ فڈنویس نے شیوسینا چیف ادھو ٹھاکرے اور این سی پی سربراہ شرد پوار کی موجودگی میں مذکورہ بیان دیا ۔ فڈنویس کے اس حالیہ بیان کے ایک دن بعد بی جے پی کے ایک سینئر وزیر نے کہا کہ شیوسینا مجبور ہوجائیگی اور بی جے پی کے ساتھ اتحاد کر لے گی ۔

پیر کے روز شیوسینا ترجمان اور راجیہ سبھا کے رکن سنجئے راوت کی جانب سے اہم سیاسی لیڈران کے لئے ان کی فلم ٹھاکرے کے خصوصی پرومو کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ جس میں مہاراشٹر کے اہم لیڈران ادھو ٹھاکرے ، دیویندر فڈنویس ، شردپوار اور سینئر کانگریسی لیڈر سشیل کمار شندے موجود تھے ۔ اس موقع پر ایک مزاحیہ سوال وجواب سیشن کے دوران راوت نے بھگوا اتحاد اور 1995 سے 1999 کے دوران ریموٹ کنٹرول حکومت سے متعلق فڈنویس سے سوال کیا جس پر فڈنویس نے کہا کہ اس وقت مہاجن اور منڈے بی جے پی کے اہم لیڈر تھے ۔ 1995 کے دوران شیوسینا اور بی جے پی اتحاد کے درمیان بہت سارے مسائل تھے جنہیں پرمود مہاجن اور گوپی ناتھ منڈے نے حل کیے تھے ۔ وہ ٹھاکرے کو منانے میں کامیاب ہوئے تھے ۔

ٹھاکرے کشادہ دل تھے اور یہی وجہ ہے کہ ہمارا اتحاد اب تک قائم ہے ۔ فڈنویس نے راوت سے کہا کہ انہیں اتحاد سے متعلق ہریشان نہیں ہونا چاہیے ۔ وہ اور ادھو ٹھاکرے قابل عمل حل تلاش کر لیں گے ۔ منگل کو ایک سینئر بی جے پی وزیر نے اس بات کی تصدیق کی کہ اتحاد قائم رہے گا اور بہت جلد سینا اور بی جے پی اس تعلق سے بات چیت کا آغاز کریں گے ۔ ایک وزیر نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے لیڈران کے درمیان کچھ لفظی جنگ کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ اتحاد ٹوٹ جائے گا لیکن بی جے پی اور شیوسینا کے لیڈران کی حالیہ کچھ میٹنگوں کے بعد دونوں پارٹیاں پھر سے قریب آگئی ہیں اور یہ ہمارے اتحاد کے لئے اچھی علامت ہے ۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.