صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل مقابلے میں اے ایم یو طلبہ ٹیم کی بڑی کامیابی

79,274

علی گڑھ: ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی سوسائٹی آف آٹوموٹیو انجینئرس (ایس اے ای) کالیجیئٹ کلب کی ’ٹیم گرین ویریئرس‘ کی ڈیزائن کردہ تین پہیوں والی ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل  ”جیک ڈا“ نے ’قومی ایفی سائیکل ۲۰۲۱ ورچوئل مقابلہ‘ میں کل ہند سطح پر مجموعی طور سے پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ ہونڈا، ماروتی سوزوکی اور آئی سی اے ٹی اس مقابلہ کے اسپانسر تھے۔

            میکینیکل انجینئرنگ شعبہ کے طلبہ سید تیمور علی (کپتان)، اننت اگروال (نائب کپتان)، محمد سیف عثمانی (منیجر)، ابھیشیک کمار (خازن)، ارقم ہاشم صدیقی، ہیسم خورشید، ہرش وارشنے، محمد سمیر اور محمد سہیل پر مشتمل ٹیم کی ڈیزائن کردہ الیکٹرک گاڑی نے پروجیکٹ پلان میں اوّل مقام،ڈیزائن ویلیڈیشن پلان اور آئی پی جی کار میکر ڈائنمک ایویلوئیشن میں چوتھا مقام، اِنڈیورنس رن میں پانچواں مقام اور او سی ریویو میں چوتھا مقام حاصل کیا۔

            ٹیم کے اراکین نے چھ ماہ تک اس پروجیکٹ پر کام کیا۔ انھوں نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل کی وجہ سے الیکٹرک گاڑیاں وقت کی ضرورت ہیں جس کا احساس دن بدن ہورہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں الیکٹرک گاڑیوں کے مینوفیکچرنگ پر توجہ دے رہی ہیں اور آنے والے وقتوں میں ان گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ ہوگا۔

            انھوں نے کہا ”ہم نے ایئروڈائنمک الیکٹرک گاڑی کا تصور پیش کیا جس میں کارکردگی اور سلامتی دونوں کا دھیان رکھا گیا تھا۔ اس میں ایڈوانسڈ ڈرائیور اسسٹنس سسٹم، سیٹ بیلٹ ریمائنڈر، ایڈجسٹ کئے جاسکنے والے ہیڈ لیمپ، انفوٹینمنٹ سسٹم اور دیگر سیفٹی نظام کو شامل کیا گیا ہے۔

            ٹیم اراکین نے مزید کہا ”کالج جائے بغیر آن لائن طریقہ سے چیزوں کو سیکھنا اور ان کا اطلاق کرنا آسان نہیں تھا مگر فیکلٹی ایڈوائزرس مسٹر نفیس احمد اور ڈاکٹر سید فہد انور کی رہنمائی اور شعبہ کے تعاون سے ہماری مشکل آسان ہوگئی اور انسانی طاقت کے ساتھ ساتھ الیکٹرک نظام سے چلنے والی گاڑی کو ہم ڈیزائن کرسکے“۔

            ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے پروفیسر محمد مزمل (صدر، میکینیکل انجینئرنگ شعبہ) نے کہاکہ ٹیم گرین ویریئرس کی کامیابی دیگر طلبہ کے لئے بھی باعث تحریک بنے گی۔

             سوسائٹی آف آٹوموٹیو انجینئرس کے طالب صدر یوگیش کمار نے کہاکہ ایک مشکل سلیکشن کے بعد طلبہ کو عمدہ ٹریننگ فراہم کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.