صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ماہ رمضان میں ممبئی کی جامع مسجد میں خواتین کے لیے پہلی مرتبہ تراویح کا انتظام

38,608

ممبئی : ممبئی کی کرافورڈ مارکیٹ ،جہاں رمضان المبارک کی رونقیں دیکھتے ہی بنتی ہیں ۔خواتین جب بھنڈی بازار میں خریداری کی غرض سے آتی ہیں تب ممبئی کی جامع مسجد کے ایک مخصوص حصّے میں نماز ادا کرتی ہیں۔یہ خاص کمرہ کچھ عرصہ قبل خواتین کے لیے تیار کیا گیا تھا۔خوش آئند بات یہ ہے کہ اب خواتین کے لیے رمضان المبارک کے دوران تراویح پڑھنے کا بھی نظم کیا گیا ہے۔


خوشی کی ایک لہر
ہم ایک عرصے سے اِس بات پر غور کر رہے تھے ۔پہلے خواتین کے لیے نماز کا باقاعدہ انتظام اور اب اُن کے لیے تراویح کا انتظام ہماری ایک کوشش ہے۔خواتین کے لیے اِس سے قبل مسجد میں تراویح کا نظم کبھی نہیں کیا گیا تھا۔یہ پہلا موقع ہے جب خواتین پانچ وقت کی نماز کے ساتھ ساتھ تراویح بھی مسجد میں ادا کر سکیں گی۔جامع مسجد کے چیرمین شعیب خطیب آگے کہتے ہیں کہ عبادت کے لیے مخصوص کمرے تک امام صاحب کی آواز سیدھے پہنچنے کا پہلے ہی سے انتظام ہے۔خواتین کو جب علم ہوا کہ اِس مرتبہ تراویح پڑھنے کے لیے مسجد کا رخ کرسکتی ہیں تو اُن کی خوشی کی انتہا نہیں ہے۔ ایک خاتون جو پاس ہی ایک آفس میں کام کرتی ہیں وہ ظہر اور عصر کی نماز مسجد میں ادا کرتی ہیں۔اُن کا کہنا ہے کہ جب سے مسجد میں الگ کمرے کا انتظام ہوا تب سے میری نماز قضا نہیں ہوئی اور اب یہ تراویح کا انتظام کے لئے مسجد کا انتظامیہ مبارکباد کا مستحق ہے ۔


تراویح کا مکمل اور جامع انتظام
خواتین کے مسجد میں داخل ہونے پر ایک عرصے سے بحث جاری ہے ۔اُسی وقت میں ممبئی کی جامع مسجد کے ذریعے ایک کے بعد ایک اعلانات خواتین کے لیے اطمینان اور سکون کا باعث بن رہے ہیں ۔شعیب خطیب کا کہنا ہے کہ مسجد میں ہمیشہ کے لیے خواتین کے لیے یہ انتظام کیا گیا ہے۔ جہاں کثیر تعداد میں خواتین آکر نماز ادا کرتی ہیں ۔یہ مارکیٹ کا علاقہ ہے اِس لیے ہر وقت کافی گہما گہمی رہتی ہے ۔نماز پڑھنے آنے والی خواتین یہ جان کر خوش ہیں کہ وہ اِس بار با جماعت تراویح بھی مسجد میں ادا کر سکتی ہیں ۔شعیب خطیب کا کہنا ہے کہ ہم نے صرف ایک کمرہ ہی خواتین کے لیے مختص نہیں کیا ہے بلکہ وقت وقت پر انتظامیہ اِس پر غور کرتا رہتا ہے کہ اور کس طرح کی سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں ؟


رمضان ،عبادت ،تلاوت اور تراویح
رمضان المبارک کے ماہ کے استقبال کی تیاریاں عروج پر ہیں ۔روزہ اور نماز کی ادائیگی کے تعلق سے گھر سے باہر کام کی غرض سے نکلنے والی خواتین کے لیے نمازِ تراویح کا یہ تحفہ سکون کا باعث ہے ۔مارکیٹ میں دیر رات تک خرید و فروخت کی غرض سے دکانوں پر کام کرنے والی خواتین کو بھی عبادت کرنے کا موقع مل سکے گا ۔ایک خاتون جو بھنڈی بازار میں رمضان کے موقع پر کپڑوں کی چھوٹی سی دکان لگاتی ہیں اُن کا کہنا ہے کہ میں تھوڑا سا وقت نکال کر مسجد میں تراویح پڑھنے ضرور جاؤں گی ۔ایک خاتون جن کا گھر مسجد سے کچھ فاصلے پر ہے انہیں جب سے معلوم ہوا ہے وہ پوری طرح تیار بیٹھی ہیں۔انہوں نے طے کیا ہے کہ وہ ہر روز پہلی صف میں نمازِ تراویح ادا کریں گی ۔ مسجد انتظامیہ تیاریوں میں مصروف ہے کیونکہ انہیں اندازہ ہے کہ خواتین کی ایک بڑی تعداد تراویح پڑھنے کے لیے ممبئی کی جامع مسجد پہنچنے کی تیاری میں مشغول ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.