صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

’برسرِ اقتدار پارٹیوں کے قائدین نے ضلع کیلئے کچھ نہیں کیا‘

کانگریس کے ریاستی صدر اشوک چوہان نے ۲۱ ؍کروڑ ۶۵ ؍لاکھ روپیئے کےترقیاتی پروجیکٹ کا سنگِ بنیادرکھتے ہوئے یہ الزام عائد کیا

1,286

ناندیڑ:(منتجب الدین) ناندیڑ ضلع کے ۱۵ ہزار ہیکٹر فصل کو ملنے والا پانی دوسرے مقام پر لے جایا گیا۔ اس معاملے پر برسر اقتدار پارٹیوں کے قائدین نے ایک لفظ تک نہیں کہا۔ اقتدار میں رہ کر صرف خود کا فائدہ اُٹھانے والے برسرِ اقتدار پارٹیوں کے قائدین نے ناندیڑ ضلع کے لئے کچھ نہیں کیا ہے۔ اس طرح کا بیان کانگریس کے ریاستی صدر اشوک چوہان نے دیا۔ اردھاپور ‘ مدکھیڑ، بھوکر تعلقہ کے ۲۱ کروڑ ۶۵ لاکھ روپیئے کے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگِ بنیاد آج اشوک چوہان نے ہاتھوں رکھا گیا۔ اس موقع پر ایم ایل سی امر راجورکر ‘ کانگریس کے ضلع صدر گوئند ناگیلی کر‘ ریاستی سکریٹری بی آر کدم‘ ضلع سکریٹری سنجے لہانکر‘ بھاؤ راؤ شکر کارخانے کے صدر گنپت تڑکے‘ نائب صدر کیلاش داڑ‘ یوتھ کانگریس کے ضلع صدر پپو کونڈیکر‘ ترجمان سنتوش پانڈاگڑے‘ و دیگر قائدین موجود تھے۔ اشوک چوہان نے اپنے خطاب میں کہا کہ شنکر راؤ چوہان نے مراٹھواڑہ کے کسانوں اور عوام کی فکر کرتے ہوئے جائیکواڑی‘ عیسیٰ پور‘ وشنوپوری جیسے آبی پروجیکٹ تعمیر کیئے تھے ۔ جائیکواڑی کا پانی ناسک اور احمد نگر کے لوگوں نے ہمیشہ ہی روک کر جائیکواڑی کو مکمل لبریز ہونے نہیں دیا ۔ عیسیٰ پورڈیم سے ایک لاکھ ۲۵ ہزار ہیکٹر فصل کی آبپاشی ممکن ہے مگر اب یہ ۴۰ فیصد پر آکر تھم چکی ہے ۔ ناندیڑ ضلع کے ۱۵ ہزار ہیکٹر فصل کے سنچائی کا پانی بھی حکومت نے دوسری جانب منتقل کردیا ہے ۔ اس کے سبب مستقبل میں اردھاپور‘ مدکھیڑ‘ بھوکر‘ حمایت نگر ‘ عمری‘ دھرم آباد تعلقے کے کسانوں کو فصل کے لئے پانی دستیاب نہیں ہوگا ۔ ناندیڑ ضلع کے حق کے پانی کے لئے تمام پارٹی کے قائدین کو اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے ۔ مگر برسرِ اقتدار پارٹی کے قائدین اس سنگین مسئلہ پر ایک لفظ تک کہنے کو تیار نہیں ہے ۔ ناندیڑ شہر کو وشنوپوری ڈیم سے آبی سربراہی کی جاتی ہے ۔ اب شہری اور دیہی علاقوں کے لوگوں میں پانی کو لے کر جھگڑا لگانے کا کام برسرِ اقتدار پارٹی کے قائدین کی جانب سے کیا جارہا ہے ۔ ناندیڑ شہر میونسپل کارپوریشن پر کانگریس کا قبضہ ہے اور ایسے میں آبی قلت شہر میں پیش آتی ہے تو اس کا ذمہ دار کانگریس کو ٹھہرانے کی سازش برسرِ اقتدار پارٹیوں کی جانب سے کی جارہی ہے ۔ بی جے پی ، شیو سینا کے دورِ حکومت میں مراٹھواڑہ کو مختلف محاذ پر علیحدہ ہی رکھا گیا۔ مراٹھواڑہ کو نقصان پہنچانے کا کام دونوں پارٹیوں کی جانب سے کیا جارہا ہے ۔ ضلع میں آبی قلت کے ساتھ ساتھ بجلی کی قلت کا مسئلہ بھی درپیش آرہا ہے ۔ ضلع میں کئی مقامات پر بجلی کے ٹرانسفارمر خراب ہوچکے ہیں۔ نئے ٹرانسفارمر کی سخت ضرورت ہے ۔ اس کے لئے ۵ کروڑ روپیئے ڈی پی ڈی سے منظور کیئے گئے ہیں۔ اشوک چوہان نے کہا کہ وہ ضلع کی ہمہ جہت ترقی کے لئے ہمیشہ کوشاں رہیں گے ۔ ایم ایل سی امر راجوکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اشوک چوہان پر کانگریس کی بڑی اہم ذمہ داری عائد ہے ۔ ناندیڑ کی عوام چاہتی ہے کہ وہ دوبارہ مہاراشٹر کے چیف منسٹر بنیں ۔ اس کے لئے اشوک چوہان کو لوک سبھا کے بجائے اسمبلی چناؤ میں ہی حصہ لینا چاہیئے ۔ لوک سبھا کے لئے امیتا چوہان کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ بھی امر راجورکر نے اپنے خطاب میں کیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.