صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

میونسپل کارپوریشن کا قدیم شہر کے ساتھ سوتیلا سلوک

۱۰۰ کروڑ کے سمنٹ کانکریٹ راستوں کی تعمیر کا ٹی وی سینٹر سے آغاز

1,279

اورنگ آباد : (جمیل شیخ) حکومت مہاراشٹر۱۰۰ کروڑروپیوں کی خصوصی امداد سے شہر میں سمنٹ کانکریٹ راستوں کے تعمیری کام کا آغازہوچکا ہے ۔ آج ٹی وی سینٹر علاقہ کام کا آغاز کیاگیا ۔ واضح رہے کہ پچھلے تقریباً ۳ سال سے اورنگ آباد شہر کے مختلف راستوں کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی تھی اسی اثنا ء وزیراعلیٰ دیودر فڑنویس اورنگ آباد کے  دورہ پر آئے ہوئے تھے اور راستوں کی حستہ حالت کو دیکھتے ہوئے انہو ںنے شہر میں سمنٹ کانکریٹ راستوں کی تعمیر کے لئے ۱۵۰؍کروڑ روپیوں کی امداد دینے کا اعلان کیا تھا لیکن نہ جانے کیا ہواس امداد میں ۵۰ کروڑ کی کٹوتی ہوئی اور ۱۰۰ کروڑ روپئے اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کو راستوں کی تعمیر کے لئے بطور امداد جاری کردئے گئے ۔

کارپوریشن کی تجوری میں امداد کی رقم جمع ہوتے ہی راستوں کو لے کر برسراقتدار بی جے پی شیوسینا اتحادیوں نے کھینچ تان شروع ہوگئی ۔ بی جے پی اراکین کی خواہش تھی کہ  ان کے وارڈوں سے گزرنے والے زیادہ سے زیادہ راستوں کو تعمیری کام کی فہرست میں شامل کیا جائے ۔ اسی طرح کا مطالبہ شیوسینا کی جانب سے بھی کیا جانے لگا تھا ۔ حزب اختلاف نے پسماندہ اورنگ آباد کے حالات کو پیش کرتے ہوئے قدیم شہر کے راستوں کو سمنٹ کانکریٹ روڈ میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔ اس پر غور کرنے کے بعد میونسپل کارپوریشن دفتر سے آزاد چوک راستے کو سمنٹ کانکریٹ روڈ میں تبدیل کرنے کا نہ صرف اعلان کیا گیا تھا بلکہ اس راستے کو سمنٹ کانکریٹ راستوں کی فہرست میں شامل بھی کیا گیا تھا ۔

برسرکار اتحادیوں نے چالاکی سے اس راستے کو ۱۰۰کروڑ کی فہرست سے خارج کردیااور یہ کہا گیا کہ ڈیفر پیمنٹ کے تحت ۵۰ کروڑ کے راستے تعمیر کروائیں جائیں گے اور ان میں زیادہ سے زیادہ قدیم شہر کے راستوں کو شامل کیاجائے ۔ اس معاملہ میں شرط یہ رکھی گئی تھی کہ ۱۰۰ کروڑ کا کام کرنے والے کانٹریکٹرس کو ہی ڈیفر پیمنٹ کے تحت راستوں کا تعمیری کام کرناہوگا۔لیکن کانٹریکٹرس اس کے لئے تیار نہیں تھے ۔ بعد میں یہ بھی کہاگیا کہ شہر کے دیگر راستوں کی تعمیر کے لئے حکومت سے مزید رقم طلب کی جائے گی ۔ ریاست کے وزیراعلی حال ہی میں اورنگ آباد دورہ پر آئے تھے اس دوران میئر نے نند کمار گھوڑیلے شہر کے دیگر راستوں کی تعمیر کے لے مزید امداد دینے کا مطالبہ ان سے کیا ہیے ۔ میئر نند کمار گھوڑیلے کا دعویٰ ہے کہ وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ان کے مطالبہ کو پورا کرنے پر رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے شہر کے دیگر راستوں کی تعمیر کے لئے مزید ۱۲۵ کروڑروپئے میونسپل کارپوریشن کو دینے کا تیقن دیا ہے ۔

شہر بی جے پی کے صدر کشن چند تنوانی بھی اس بات کا اعتراف کررہے ہیں کہ شہر کی ترقی کے لئے تمام راستوں کا تعمیری کام ضروری ہے اور اس معاملے پر وزیراعلیٰ سے نمائندگی کی جاچکی اور انھوں نے ۱۲۵ کروڑروپئے دینے کا وعدہ کیا ہے ۔ یہ امداد کب آئے گی اور قدیم شہر کے راستوں کی حالت کب سدھرے گی یہ طئے نہیں ہے ۔ لیکن آج ٹی وی سینٹر علاقہ سے ۱۰۰ کروڑ کے سمنٹ کانکریٹ روڈ کے تعمیری کام کا آغاز عمل میں آچکا ہے ۔ راستے کے تعمیری کام شروع ہونے پر شہر میں لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ اب جلد ہی انہیں راستوں کے گڑھوں سے نجات ملے گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.