صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ممبئی ، پونے کو 10 دن کیلئے فوج کے حوالہ کرنے والی خبر گمراہ کن :انیل دیشمکھ

260,071

ممبئی : مہاراشٹر میں  دن بدن کرونا کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے اس لئے ممبئی اور پونے اگلے ہفتہ سے ۱۰؍ دن کے لئے بند رہیں گے ۔ دونوں شہر مکمل طور پر فوج کے ماتحت ہوں گے اس طرح  کےایک پیغام نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے ۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ اس وقت مہاراشٹر حکومت کی میٹنگ جاری ہے اور کسی بھی وقت فیصلہ لیا جائے گا ۔ مگر اس تعلق سے ریاستی حکومت کی طرف سے ایک وضاحت جاری کی گئی ہے ۔ وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے کہا کہ یہ پوسٹ مکمل طور پر غلط ہے ۔ اس کا مقصد افواہوں کو پھیلانا ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پر یقین نہ کریں ۔

انیل دیشمکھ نے کہا کہ واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا کے ذریعہ افواہیں پھیلائی جارہی ہے کہ ممبئی اور پونے میں فوج تعینات کی جائے گی ۔ فوج دس دن کا کرفیو نافذ کرے گی یہ سراسر غلط ہے ۔ مہاراشٹر سائبر کرائم نے اس افواہ کو پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔

ریاست میں کرونا وائرس  کی زنجیرتوڑنے کے لئے لاک ڈاؤن میں۳۱؍مئی تک توسیع کردی گئی ہے۔ساتھ ہی لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلےکے دوران پابندیاں سخت کردی گئی ہیں ۔ ممبئی ، تھانہ ، نوی ممبئی ، پنویل ، کلیان ، ڈومبیولی ، پونے ، ناسک ، اورنگ آباد ، جلگاؤں اور ناگپور میں مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جو تشویش کی بات ہے ۔

ممبئی اور پونے شہر ہفتہ سے ۱۰؍ دن کے لئے مکمل طور پر بند رہے گا ، اس وقت ایک پوسٹ سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے ۔ ریاستی حکومت نے کہا کہ یہ پوسٹ گمراہ کن ہے اور اسی کے ساتھ ساتھ افواہوں کو پھیلارہی ہے ۔ یہ واضح کیا گیا ہے کہ کسی کو بھی اس پر یقین نہیں کرنا چاہئے اور عوام کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.