صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

دہلی فساد زدگان کے گھروں کی تعمیر کے لیے جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے ابتدائی طور پر ایک کروڑ خرچ کرنے کا فیصلہ

جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے کہا کہ شیو وہا رکے سبھی تباہ شدہ مکانوں کی تعمیر کی جائے گی ، لوگوں میں اعتماد کی بحالی اور انصاف کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے

216,800

مشرقی دہلی فساد زدگان کے آشیانے کو آباد کرنے کے لیے جمعیۃ علماء ہند نے پہلی قسط کے طور پر مبلغ ایک کروڑ روپے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے کہا کہ شیووہار میں زبردست تباہی ہوئی ہے ، اس لیے وہاں کے سبھی تباہ شدہ مکانوں و دکانوں اور مساجد کی تعمیر کی جائے گی ۔

واضح ہو کہ شیووہار میں جمعیۃ نے ریلیف کمیٹی کا باضابطہ دفتر قائم کیا ہے اور وہاں جمعیۃ کے کارکنان اور سہارن پور وشاملی جمعیۃ یوتھ کلب کے نوجوان شبانہ روز لوگوں کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں ۔ دوسری طرف شیووہار میں جمعیۃ لیگل سیل کے وکلاء لوگوں کو انصاف دلانے میں بھی سرگرم ہیں، دن بھر متاثرین جمعیۃ کے دفتر میں اپنے معاملات لے کر آتے ہیں اور انصاف دلانے میں مدد مانگتے ہیں ۔

جمعیۃ علماء ہند کی کوشش سے گزشتہ جمعہ فساد کے بعد پہلی بار نماز جمعہ کا اہتمام کیا گیا تھا ، اس کے بعد لوگوں میں اعتما بحال ہو تا نظر آیا ، اب لوگ اپنے گھروں کو واپس آرہے ہیں ، لیکن ان کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ سرچھپانے کا ہے ۔ ان کا آشیانہ اور لوازمات فسادیوں نے جلادیے ، اس لیے یہ ضروری ہے کہ فوری طور سے مکانات کی تعمیر کی جائے ۔

دریں اثناء جمعیۃ علماء ہند نے اپنے طور پر لوگوں کے جانی و مالی نقصانات کا سروے بھی کیا ہے ۔ گزشتہ کچھ دنوں سے لوگوں کے گھروں کی بھی صفائی کی جارہی ہے ، جلے ہوئے ملبے ہٹائے جارہے ہیں ۔ شیو وہار میں مشکل دنوں سے خیمہ زن مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند نے بتایا کہ ہم نے تعمیر کے لیے یہاں ایک مقامی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے ، اس کے علاوہ مر کز سے مولانا جمال قاسمی، مولانا غیور قاسمی وغیرہ مسلسل لگے ہوئے ہیں ، دوسری طرف لیگل معاملات کو ایڈوکیٹ محمد نوراللہ دیکھ رہے ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.