صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

موسم سرما میں شہرمیں انڈوں کی قیمت آسمان پر

34,828

کئی علاقوں میں ۹۰؍ تا ۱۰۰؍ روپے فی درجن فروخت ہورہے ہیں۔ حیدر آباد او رمہاراشٹر کے دیگر حصوں سے ممبئی میں ۴؍ کروڑ انڈوں کی سپلائی ہوتی ہے جو گھٹ کراب ایک کروڑ ہوگئی ہے ۔قیمتوں میں اضافہ سےانڈوں کا کاروبار متاثر۔

ایک طرف اشیائے خورد نوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے عام شہری انتہائی پریشان ہے وہیں موسم سرما میں انڈوں کی سپلائی متاثر ہونے کے سبب اس کی قیمت بھی آسمان کو چھونے لگی ہے ۔ انڈوں کی سپلائی میں شدید کمی کی وجہ سے شہرو مضافات میں انڈے کہیں ۸۵؍ روپے تو کہیں ۹۰؍روپے حتیٰ کہ ۱۰۰؍ روپے فی درجن بھی فروخت کئے جارہے ہیں۔ ایپ کے ذریعہ تو فی درجن انڈا ۱۲۰؍ تا ۱۳۰؍ روپے میں فروخت ہورہا ہے۔یہی نہیں انڈوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ انڈوں کی قیمت میں اضافہ سے جہاں عام شہری ایک درجن انڈا استعمال کرتے تھے، وہ اب صرف ۶؍ انڈے یا ۳۰؍ انڈوں کی ٹرے لینے والے صارف صرف ایک درجن انڈا لینے پر اکتفا کر رہے ہیں ۔

بطور پروٹین روزانہ انڈوں کا استعمال کرنے والے صارفین کو بھی اس کی قیمتوں میں اضافہ سے دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ریٹیل میں روزانہ کی بنیاد پر انڈے فروخت کرنے والے دکاندار محمد ثاقب نے کہا کہ روزانہ ۳۰؍ انڈوں پر مشتمل ایک ٹرے ہوتی ہے اور میں ۵۰؍ ٹرے روزانہ فروخت کرتا تھا لیکن انڈوں کی سپلائی اور قیمتوں کے آسمان چھونے کے سبب ۲۵؍ سے ۲۸؍ ٹرے ہی مشکل سے فروخت کر پاتا ہوں۔ہول سیل میں انڈوں کا کاروبار کرنے والے محسن خان نے کہا کہ یکم دسمبر کو جہاں ایک ٹرے کی قیمت ۱۹۹؍ روپے تھی، وہ ۵؍ دسمبر کو بڑھ کر ۲۰۴؍ روپے ہوگئی ۔

اسی طرح یکم دسمبر کو ۱۰۰؍ انڈے کی قیمت ۶۶۵؍ روپے تھی جو اب ۶۸۰؍ روپے ہوگئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انڈوں کی قیمت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ انڈوں کی بڑھتی قیمت کے سبب جہاں چھوٹے تاجروں کو شدید مالی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہیں عام شہری نے بڑھتی قیمتوں کے سبب اپنی ضرورت کو محددوکر لیا ہے۔انڈوں کی قیمت میں اضافہ اور سپلائی متاثر ہونے سے متعلق اس نمائندے نے نیشنل ایگز کمیٹی ( ممبئی زون ) کے وائس چیئر مین راجیو شیوالے سے اس کی وجوہات جاننے کی کوشش کی تو انہوںنے بتایا کہ ’’ یوں تو سردیوں میں انڈوں کی پیداوار میں کمی آتی ہے لیکن امسال پیداوار میں کمی اور مانگ میں اضافہ کے سبب نہ تو ضرورت کو پورا کیا جارہا ہے اور نہ کیا جاسکتا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ عروس البلاد ممبئی میں حیدر آباد اور مہاراشٹر کے دیگر حصوں سے روزانہ ۴؍ کروڑ انڈے سپلائی کئے جاتے تھے، فی الحال وہ گھٹ کر ایک کروڑ ہوگئے ہیں ۔ان کا یہ بھی کہا کہ’’ انڈوں کی قیمت میں اضافہ کی اہم وجہ بھی پیداوار میں شدید کمی اور انڈوں کی تواتر سے سپلائی کا نہ ہونا ہے۔گزشتہ سال ہی دسمبر میں انڈوں کے پروڈکشن اور سپلائی میں کمی کے سبب ہول سیل میں فی درجن انڈا ۸۰؍ روپے جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں ۹۰؍ روپے فروخت کیا گیا تھا۔ ہول سیل اور ریٹیل تاجروں کے ذریعہ بھی انڈوں کی قیمت میں اضافہ کرنے کے سبب عام شہریوں نے اپنی ضرورت کو محدودکر لیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.