صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

رِشوت وصولنے کے الزام میں بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے ہائوس لیڈرمطلوب سردار گرفتار

1,426

بھیونڈی : (عارِف اگاسکر) بھارتی رِیاست مہاراشٹر کےبھیونڈی شہر میں کانگریس کے کارپوریٹر اوربھیونڈی نِظام پور شہر میونسِپل کارپوریشن کے ہائوس لیڈر مطلوب افضل سردار کو گذشتہ جمعہ کی شام شانتی نگر پولیس نے غیر قانونی تعمیرات کے معاملے میں ایک بِلڈر سے ۵؍ لاکھ روپے کی رِشوت وصولنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے ۔ بھیونڈی میں پہلی مر تبہ کسی برسرِ اقتدار پارٹی کے اعلیٰ لیڈر کی ہفتہ وصولی کے معاملے میں گرفتاری سے میونسِپل کارپوریشن سمیت شہر کے سیاسی گلیاروں میں زبردست کھلبلی مچ گئی ہے اور شہریوں میں بدعنوانی کا یہ معاملہ مسلسل موضوع بحث بنا ہوا ہے ۔

موصولہ اطلاع کے مطابق پیرانی پاڑہ کے علاقہ میں واقع نوری اپارٹمینٹ نامی غیر قانونی عمارت کا کام مسلسل جاری رکھنے کے لیے مطلوب سردار نے سلیم عبد الحفیظ انصاری سے پانچ لاکھ روپیوں کا مطالبہ کیا تھا اور وقفہ وقفہ سے ۴؍ لاکھ روپے وصولے تھے ۔ مطلوب سردار پر یہ بھی الزام عائد کیا جاتا ہے کہ انھوں نے مذکورہ غیر قانونی عمارت کو بچانے کے لیے مزید رقم  کا مطالبہ کیا تھا ۔ مسلسل مو بائل فون کے ذریعہ ایڈیشنل میونسِپل کمشنر اشوک کمار رن کھامب کے نام کا استعمال کرتے ہوئے متذکرہ افسر کے نام سے رقم طلب کر کے بِلڈر کوپریشان کر رکھا تھا ۔

رو روزکے اس تقاضہ سےتنگ آکرآخر کار سلیم عبد الحفیظ انصاری نے شانتی نگر پولیس اسٹیشن کے افسران کے روبرو اپنی روداد بیان کی اور انھیں آڈیو کلِپ پیش کر تے ہوئے شکایت درج کی ۔ اس معاملہ پر سنجیدگی سے غور کرنے کے بعد پولیس نے ہائوس لیڈ ر مطلوب افضل انصاری پر تعزیرات ہند کی دفعات ۳۸۴؍ اور ۳۸۵؍ کے تحت فرد جرم عائد کر تے ہوئے دیر شب انھیں گرفتار کر لیا ہے ۔ سنیچر کے روزانھیں بھیونڈی کی عدالت میں پیش کرنے پرعدالت نے مطلوب سردار کو ۲۶؍ فروری تک پولیس تحویل میں دے دیا ہے ۔ یاد رہے کہ مطلوب انصاری گذشتہ دو دہائی سے پیرانی پاڑہ کے علاقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر بطور کارپوریٹر منتخب ہوتے آرہے ہیں ۔ پچھلے ماہ میونسِپل کارپوریشن میں ہائوس لیڈر کے عہدے پران کا انتخاب عمل میں آیا ہے ۔

اس ضمن میں بھیونڈی نِظام پور شہر میو نسِپل کارپوریشن کے کمشنر منوہر ہیرے اور ایڈیشنل میونسِپل کمشنر اشوک کمار رن کھامب سے استفسار کر نے پر انھوں نے بتایا کہ مطلوب افضل سردار کے ذریعہ ان کے نام کا غلط استعمال کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے اس سلسلے میں آڈیو کلپ بھی وائرل ہوئی ہے ۔ ہمارے نام کا غلط استعمال ہونے کا انکشاف ہو نے پر ہم نے مطلوب انصاری کو دفتر میں بُلا کر ان سے اس سلسلے میں وضاحت طلب کی ۔ بعد ازاں پولیس کمشنر انکِت گوئل اور شانتی نگر پولیس اسٹیشن کے سنیئر پولیس انسپکٹر شریمتی ممتا ڈیسوزا کو سنیچر کی صبح بذات خود ملاقات کر کے انھیں ایک مکتوب پیش کر تے ہوئے اس معاملے کی تفتیش کر نے کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.