صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

مہاراشٹر ریاستی کانگریس اقلیتی شعبہ کے انچارج محمد اکرم کی گوونڈی آمد

مہاراشٹر ریاستی اقلیتی شعبہ کے ریاستی سکریٹری پرویز خان (پی کے) کی جانب سے استقبال

1,640

بھیونڈی : (عارف اگاسکر)حالیہ لوک سبھا الیکشن میں کانگریسی امیدواروں کے حلقہ انتخابات میں الیکشن پرچار کے سلسلے میں مہاراشٹر بھر کا دورہ کرتے ہوئے مہاراشٹر پردیش کانگریس اقلیتی شعبہ کے انچارج شری محمد اکرم کی گونڈی آمد پر مہاراشٹر پردیش اقلیتی شعبہ کے ریاستی سکریٹری پرویز خان (پی کے) کی جانب سے مانخورد شیواجی نگر اسمبلی حلقہ میں ان کا شایان شان استقبال کیا گیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود کانگریسی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے محمد اکرم نے کہا کہ ملک بھر میں ماحول کانگریس کے حق میں ساز گار ہوتا جا رہا ہے ۔

مہاراشٹر کے دورے میں یہ بات ظاہر ہو رہی ہے کہ یہاں کی ہی نہیں بلکہ ملک بھرمیں عوام و خواص بھاجپا کی بے جا پالیسی اور مودی کی جملہ بازیوں سے تنگ آچکے ہیں ۔ انھوں نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے غلط طریقے سے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت اگر اقتدار میں آئی تو ان باتوں پر ازسر نو غور کیا جائے گا اورعوام کو در پیش مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی ۔ انھوں نے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے مسائل کی سنگینی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک کسان خود کشی کر رہے تھے اوراگر نوجوانوں کی بے روزگاری کا مسئلہ حل نہ ہوا تونوجوان نفسیاتی امراض کا شکار ہو کر خودکشی پر بھی آمادہ ہوسکتے ہیں ۔

اس حکومت نے دو کروڑ نوکریا ں ہر سال دینا تو درکنار لاکھوں کی تعداد میں نوجوانوں کو بیکار اور بے روزگارکر دیا ہے اور اس پرطّرہ یہ کہ مودی جی نوجوانوں کو پکوڑا بیچنے کی تر غیب دے رہے ہیں اس موقع پر مہاراشٹر پردیش اقلیتی شعبہ کے ریاستی سکریٹری پرویز خان (پی کے ) نے  پھولوں کاگلدستہ پیش کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا اور الیکشن کے پرچار کے دوران ان کی محنت اور کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی شعبہ ان کی آمد کے بعد مزید فعال ہو کر کام کر رہا ہے ۔ حذیف انصاری،منیر انصاری ، محمد کیف خان ، ابو بھائی وغیرہ اس موقع پر پرویز خان کے ساتھ موجود تھے ۔ انھوں نے بھی محمد اکرم کا استقبال کیا اور ان کے کاموں کی ستائش کی اور انھیں مبارکباد پیش کی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.