قحط زدہ علاقوں میں پانی سپلائی کرنے والے ٹینکروں پر نظر رکھنے کیلئے خصوصی دستہ تشکیل
اورنگ آباد : (جمیل شیخ) قحط زدہ علاقوں میں پانی سپلائی کرنے والے ٹینکروں کی پھیریوں پر نظر رکھنے کا فیصلہ انتظامیہ نے کیا ہے تاکہ اس معاملے میں بدعنوانیاں نہ ہونے پائیں ۔ اس ضمن میں ڈویژنل کمشنر نے ایک خصوصی دستہ تشکیل دیا ہے۔اس سال علاقہ مراٹھواڑہ میں قحط پڑچکا ہے ۔ اسی طرح اورنگ آباد اور جالنہ اضلاع میں انتہائی کم بارش ہونے کے سبب ان اضلاع میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے۔ بیڑ ضلع کے حالات بھی مختلف نہیں ہیں یہاں بھی پانی کی سپلائی کرنے والے ٹینکروں کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ زورپکڑتا جارہا ہے ۔ ان دنوں ضلع میں پانی کی شدید قلت ہے پچھلے کچھ دنوں سے یہاں ٹینکروں کے ذریعہ پانی کی سپلائی شروع کی گئی تھی لیکن مزید ٹینکر بڑھانے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے ۔
گنگاپور تعلقہ میں تو بارش کے موسم میں بھی ٹینکروں سے لوگوں کو پانی سپلائی کیا جاتا رہا ہیے۔ فی الحال ضلع میں ٹینکروں کی تعداد ساڑھے پانچ سو سے زائد ہوچکی ہے کئی مقامات پر پانی کی عارض قلت ہٹاکر ٹینکروں کی تعداد بڑھانے کے لئے ٹینکر لابی سرگرم تو نہیں اس کا پتہ لگانے اور موجودہ ٹینکروں کی ہونیوالی پھیریوں پر نظر رکھنے کے مقصد سے ڈویژنل کمشنر نے ایک دستہ تشکیل دیا ہے جو معاملے کی چھان بین کرکے اپنی رپورٹ ڈویژنل کمشنر کو پیش کریگا انتظامیہ کے اس فیصلے سے جہاں عام شہری حوش ہیں وہیں ٹینکر مالکان کے چہروں پر صاف خوف دکھائی دے رہا ہے ۔