صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

خاتون کارپوریٹرکے شوہر کی ہراسانی سے دلبرداشتہ بی جے پی وارڈ صدر نے خود کشی کرلی

1,460

اورنگ آباد : (جمیل شیخ) جئے بھوانی نگر کے متوطن بی جے پی وارڈ صدر نے گذشتہ روز پھانسی لگا کر خودکشی کرلی اس معاملے میں پولس نے کانگریس کی کارپوریٹر کے شوہر سمیت تین افراد کے خلاف مکند واڑی پولس اسٹیشن میں شکایت درج کرکے ایک ملزم کو حراست میں لے لیا ہے ۔ اس حادثہ کو لے کر علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی جس کو پولس نے قابو میں کرلیا ۔ پولس کے ذریعہ موصولہ اطلاعات کے مطابق مکندواڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع جئے بھوانی نگر گلی نمبر ۱۴ کے ساکن ۴۰ سالہ سنیل پرلہاد پمپلے عرف اہیرے راج نگر مکند واڑی وارڈ نمبر ۹۲ کا بی جے پی صدر تھا گذشتہ سال یہاں کی ساکن چھایا منوہر لوکھنڈے سے اس کی جان پہچان ہوئی اور اسی دوران دونوں کے درمیان پیسوں کا لین دین ہوا ۔ اسی بات کو لے کر دونوں میں کشیدگی پیدا ہوئی اور چھایااس کورقم واپسی کے لئے تقاضے کرتی رہی ۔

سنیل کے گھر جاکر چھایا جھگڑے بھی کرتی رہی اس سے تنگ آکر سنیل نے پھانسی لگاکر خودکشی کرلی ۔ اس طرح کی شکایت سنیل کی بیوہ میرا آہیرے نے پولس میں کی ہے ۔ پولس نے یہ بھی بتایا کہ خودکشی سے پہلے سنیل نے ایک نوٹ بھی لکھا ہے جسمیں کہاگیا ہے کہ آجیجا بائی بابورائو گوانے اور موہن ناناسالوے کی اذیتوں سے تنگ آکر اس نے خودکشی کی راہ اختیار کی اس نوٹ کو پولس نے قبضہ میں لے لیا ہے اور چھایا لوکھنڈے عرف جیجا بائی گوہانے اور منوہر سالوے کے خلاف شکایت درج کی ہے پولس نے اس معاملے میں سالوے کو حراست میں لے لیا ہے جو کہ اس علاقہ کی کانگریسی کارپوریٹر انیتا سالوے کا شوہر ہے ۔

یہ بھی اطلاع ہے کہ چھایا لوکھنڈے اور اس کے چار دیگر ساتھیوں نے ۲۰ فروری کو رقم کی وصولی کے لئے سنیل کو مارپیٹ بھی کی تھی۔ اس تعلق سے سنیل کی بیوی میرا نے ۲۱ فروری کو مکندواڑی پولس تھانے میں این سی آر داخل کی تھی اور ملزموں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا تھا ۔ اس کے علاوہ رکن اسمبلی کلیان کاڑے نے بھی اس معاملے میں پولس سے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا ۔ سنیل کی موت کو لے کر رکن اسمبلی اتول ساوے کارپوریٹر پرمود راٹھوڑ اپنے کارکنان کے ساتھ آج صبح پولس اسٹیشن پہنچ کر پولس افسران سے بات چیت کی اور اس معاملے میں جلد کارروائی کا مطالبہ کیا نیز کارکنان نے پولس اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی کی بھی کوشش کی جس کو پولس نے روک دیا اور حالات قابو میں کرلئے گئے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.