صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

میرا روڈ میں ‘مسجد پریچئے’ پروگرام کا اہتمام

1,534

ممبئی : میرا روڈ کی ثنا مسجد میں ثنا مسجد ملت ویلفیئر ایسوسی ایشن میراروڈ کے ساتھ مل کر جماعت اسلامی ہند میرا روڈ اور ایس آئی او(اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا) میرا روڈ کی جانب سے غیر مسلم برادران وطن کے لئے ‘مسجد پریچئے’ پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ اس طرز کے پروگرام کا انعقاد میرا روڈ میں پہلی دفعہ عمل میں آیا ۔ اس خصوصی پروگرام میں تقریبا ۵۰ سے زائد ہندو و عیسائی برادران وطن نے کافی دلچسپی کے ساتھ شرکت کی ۔ پروگرام میں شریک ہونے والے تمام حضرات کا استقبال ایک بہت ہی انوکھے انداز میں پھولوں، کھجوروں اور عطر کے ذریعے کیا گیا ۔

پھر ڈاکٹر پرویز نے اس پروگرام کے مقصد سے تمام لوگوں کو روشناس کرایا ، اور اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ آج پورے ملک میں جو فرقہ وارانہ منافرت کا ماحول بنا کر لوگوں کے دلوں میں خوف اور نفرت کے بیج بوئے جارہے ہیں ایسے وقت میں برادران وطن تک بھائی چارگی اور محبت کا پیغام عام کرنے کے لئے اس پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ بعد ازاں ڈاکٹر پرویز نے تمام لوگوں کو مسجد کا دورہ کرواتے ہوئے نماز کا طریقہ ، وضو کا طریقہ ، دعائیں ، قرآن مجید اور بھی کئی بنیادی چیزوں کے تعلق سے بہت ہی خوبصورت انداز میں مختصر سی باتیں بتائیں اور عملی نمونہ پیش کیا ۔

پھر برادر رافد شہاب نے لوگوں سے خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ مسجد صرف مسلمانوں کے لئے نہیں ہے ، اور انہوں نے پروگرام کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ ہم برادران وطن کو براہ راست مسجد میں بلائیں اور مسجد کا تعارف پیش کریں ۔ آخر میں پروگرام میں شریک کئی حضرات نے سوالات  بھی کئے جس کے اطمینان بخش جوابات دئیے گئے ، پروگرام کے اختتام میں تمام حضرات کو بنیادی اسلامی لٹریچر تحفے کے طور پر دیا گیا ۔ پروگرام کے دوران لوگوں کے لئے ناشتے وغیرہ کا بھی انتظام کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر پرویز (رکن جماعت اسلامی ہند ، میراروڈ) ، برادر رافد شہاب (پروگرام کنوینر و صدر ایس آئی او ، میراروڈ) بطور مہمان خصوصی مدعو کئے گئے تھے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.