صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

دوکروڑ کی لاگت سے تیار مغربی ریلوے کا بلڈ بینک عوامی خدمات کیلئے پیش

1,333

ممبئی:(ریحان یونس) ویسٹرن ریلوے محکمہ نے ممبئی سینٹرل کے جگجیون رام اسپتال میں اپنی نوعیت کا پہلا بلڈ بینک جاری کیا ہے ۔ 2 کروڑ 5 لاکھ کی مالیت سے تیار کیا گیا یہ ریلوے اسپتال ویسٹرن اور سینٹل ریلوے لائن پر اپنی اس طرح کی خدمات دینے والا پہلا اسپتال ہے ۔ ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او رویندر بھاکر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس اسپتال میں 2 ہزار خون کی بوتلوں کا ذخیرہ کیا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ اس اسپتال میں پلیٹلیٹ ڈونیشن کی خدمات بھی مہیا کی جائے گی جو کہ کینسر اور ڈینگو کے مریضوں کو پلیٹلیٹ فراہمی کی ضروریات میں مددگار ہے ۔

جگجیون رام اسپتال ویسٹرن ریلوے کا زونل اسپتال ہے جس میں کارڈیو ویسکیولر سرجری کا محکمہ بھی موجود ہے اس سرجری میں خون کی ضرورت پڑتی ہے ۔ مذکورہ اسپتال میں ڈینگو کے بھی متعدد مریض داخل کیے جاتے ہیں جنہیں پلیٹلیٹ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اسپتال میں داخل کیے جانے والے 80 فیصد مریض بیرون ممبئی کے ہوتے ہیں جس کے سبب ان کو مطلوب خون کا انتظام کرنا مشکل ہوجاتا ہے ۔ جگجیون رام اسپتال اسی پریشانی کے مدنظر اس خدمت کا آغاز کیا گیا ہے جس سے مہلک بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لئے خون کا فوری انتظام کرنے میں مدد ملے گی ۔

مذکورہ خدمت کے آغاز سے تشویشناک حالات میں مریضوں کو سہولیات فراہم کرنے میں آسانی ہو گی ۔ رویندر بھاکر نے کہا کہ جگجیون رام اسپتال کو بلڈ بینک اور خون کے مختلف اجزا کی سہولیات کا استعمال کرنے کے لئے 31 دسمبر 2018 کو لائسنس جاری کر دیا گیا ہے ۔ جنرل منیجر ویسٹرن ریلوے اے کے گپتا نے منگل کو اس نئے قائم شدہ بلڈ بینک کا دورہ کیا جہاں سینئر ڈی ایم او اور بلڈ بینک کے انچارج ڈاکٹر یوگانند پاٹل نے انہیں تمام تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ اے کے گپتا کے دورہ کے موقع پر ویسٹرن ریلوے کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر ہیمنت کمار جگجیون رام اسپتال کی میڈیکل ڈائریکٹر حفیظ النسا اور دیگر سینئر ڈاکٹر موجود تھے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.