صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

اردو صرف زبان ہی نہیں بلکہ ہندوستان کی مشترکہ تہذیب کی ترجمان بھی ہے : نودیپ سنگھ سوری

ابو ظہبی عالمی کتاب میلے میں قومی اردو کونسل کے اسٹال کا افتتاح

1,305

ابو ظہبی : متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں 24- 30؍اپریل 2019 انٹرنیشنل کتاب میلے کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ اس کتاب میلے کا باضابطہ افتتاح متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زائد النہیان اور متحدہ امارات میں ہندوستان کے سفیر نودیپ سنگھ سوری نے مشترکہ طور پر کیا ۔ اس موقع پرثقافت اور سیاحت کے انڈر سکریٹری شیخ سعید گوباش نے شمع روشن کر کے بھارت پویلوین کا افتتاح کیا ۔ ان کے ساتھ ہندوستانی سفیر ، این بی ٹی کے چیئرمین و ڈائریکٹر اور قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد بھی موجود تھے ۔ نودیپ سنگھ سوری نے قومی اردو کونسل کے اسٹال کا خصوصی جائزہ لیا ۔ انھوں نے میڈیا سے روبرو ہوتے ہوئے کہا کہ اردو دنیا کی ایک ایسی زبان ہے جس میں جذبات و احساسات کی ترجمانی کی بڑی گنجائش ہے ۔ یہ زبان اپنی شیرینی اور مٹھاس کی وجہ سے پوری دنیا میں عزت و وقار کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے ۔ یہ صرف زبان ہی نہیں بلکہ صحیح معنوں میں ہندوستان کی مشترکہ تہذیب کی ترجمان بھی ہے ۔

اس موقعے پر قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ ابوظہبی عالمی کتاب میلے میں قومی اردو کونسل کی شرکت باعث افتخار ہے ۔ قومی اردو کونسل پہلی بار کسی بیرونی ملک میں ادبی و ثقافتی تقریبات کا اہتمام کر رہی ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ اردو کی نئی بستیوں میں اردو کے فروغ اور اس کی ترویج و اشاعت میں جو دشواریاں حائل ہیں اس کے حل کے لیے کونسل ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے ۔ ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ کونسل کی مطبوعات کی تعداد 1300 سے زائد ہے ۔ کونسل کی یہ کوشش ہوگی کہ اردو کی ان نئی بستیوں میں جہاں اردو کے پڑھنے اور لکھنے والوں کی اچھی خاصی تعداد ہے وہاں تک ان مطبوعات کی رسائی ہو ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.