صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج میں سالانہ کھیل کود کا رنگا رنگ افتتاح

1,407

بھیونڈی :(عارِف اگاسکر) بھارتی رِیاست مہاراشٹر کے بھیونڈی میں واقع رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج کے عظیم الشان گراؤنڈ پر ۳۱ ؍ دسمبر ۸ ۲۰۱ ء کو ریڈ ،بلیو ،یلواور گرین ہا ؤس کے درمیان ہونے والے سہ روزہ سالانہ کھیل کود کے مقابلوں کی افتتاحی تقریب کوکن مسلم ایجوکیشن سوسائٹی کے پیٹرن ممبر اور معروف معالج ڈاکٹر صبیح سید کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ صدر جلسہ ڈاکٹر صبیح سید نے اپنے صدارتی خطبہ میں طلبہ کے ذریعے منظم طریقے سے پیش کئے گئے تمام پروگراموں کی تعریف کی اور طلبہ اور رہنمائی کرنے والے اساتذہ کو مبارک باد پیش کی ۔

مہما نان اعزازی کی حیثیت سے ، غلام محمد کچھاوا ، سا جد عصمت رئیس، فراہیم انصاری اور ساحل عبدالملک کواری سمیت مسلم ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر اسلم فقیہ ، جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصدق پٹیل ، طلحہ فقیہ و دیگر عہدے داران و اراکین سوسائٹی موجود تھے۔مہما نان نے طلبہ کے ذریعے پیش کردہ کرتب اور قواعدکی خوب پذیرائی کی اور خصوصی مبارک باد پیش کی۔ رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج کے چیئرمین شفیع مقری نے مہمانان کا تعارف و استقبال کیا ۔ پرنسپل ضیاء الرحمن انصاری نے مہمانان کی خدمت میں گلوں کا تحفہ پیش کیا ۔

تعارف و گل پیشی کے بعد مہمانان کے ہاتھوں پرچم کشائی اور غبارے آسمان میں چھو ڑے گئے ۔ اس کے بعد مختلف جماعتوں کے طلبہ نے مارچ پاسٹ کے ذریعے مہمانوں کو سلامی پیش کی جو بہت ہی دل کش منظر پیش کر رہی تھی ۔ جسمانی قواعد میں سیکنڈری اسکول کے طلبہ کی ہم آہنگی نے مہمانان کا دل جیت لیا ۔ طلبہ کے ذریعے مختلف پیرامڈ(اہرام) ، مارشل آرٹ ، ہر ڈل ریس اور جونیئر کالج کے طلبہ کے درمیان رسہ کشی کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا ۔

گراؤنڈ میں موجود طلبہ ، والدین اور اساتذہ نے تمام مظاہروں پر تالی بجا کرخوشی کا اظہار کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ درجہ ہشتم الف کے طالب علم انصاری محمد صادق جاوید نے طلبہ کو ایمان دارانہ طریقے سے کھیلنے اور کھیل کی روایت کو قائم رکھنے کا عہد دلایا۔مہمانان کے ذریعے مشعل روشن کرنے کے بعد مشعل بردار طلبا نے میدان کا چکر لگا کر کھیل کا افتتاح کیا ۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ طلبہ نے نعت اور ترانۂ رئیس بہترین انداز میں پیش کیا ۔

پرنسپل ضیا ء الرحمن انصاری نے طلبہ اور ان کی رہنمائی کرنے والے اساتذہ کو بہترین پروگرام پیش کرنے پر مبارک باد پیش کی نیز تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس شان دار تقریب کی نظامت روفی پٹیل اور فیض فقیہ (معلمین) نے انجام دی ۔ پروگرا م کو کامیابی سے ہم کنار کرنے میں ا عجاز قاضی ، ذاکر انصاری ،اعجاز ہاشمی ، عبداللطیف پنگارکر ، یوسف پٹھان ، نوال قادری نیزجملہ اساتذہ نے اہم کردار ادا کیا ۔  مدثر شیخ کے ذریعے قومی گیت پڑھنے کے بعد پروگرام اختتام پذیر ہوا ۔ پوری تقریب میں طلبہ نے بہترین نظم و نسق کا مظاہرہ کیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.