صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ملی بصیرت کی اشاعت جرات مندانہ اقدام ہے : ڈاکٹر سلیم خان

23,737

ممبئی : عروس البلاد ممبئی سے ہفت روزہ ملی بصیرت کی اشاعت یقیناً لائق تحسین اور جرات مندانہ اقدام ہے، موجودہ دور میں جس طرح لوگ پرنٹ میڈیا سے دور ہوتے جارہے ہیں، روایتی مطالعہ کی عادت ختم ہوتی جا رہی ہے ایسے مایوس کن ماحول میں ہفت روزہ ملی بصیرت کی اشاعت کسی جہاد سے کم نہیں ہے، ان خیالات کا اظہار معروف کالم نگار، مبصر اور تجزیہ نگار ڈاکٹر سلیم خان نے ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی کے خصوصی شمارہ ڈاکٹر محمد مرسی رحمۃ اللہ علیہ نمبر کا رسم اجرا کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ بصیرت آن لائن ہندوستان کا سب سے معتبر آن لائن نیوز پورٹل ہے جو تقریباً 2012 سے صحافت کی دنیا میں اپنا قدم جمائے ہوئے ہے ۔

یہ عجیب بات ہے کہ بصیرت آن لائن کے بانی اور چیف ایڈیٹر غفران ساجد قاسمی نے نیوز پورٹل کا آغاز اس دور میں کیا جس دور میں بہت کم لوگ میڈیا کی اس صنف سے واقف تھے ۔ بلکہ سچی بات یہ ہے کہ غفران ساجد قاسمی نے نوجوان نسل کو اس میدان کا راستہ دکھایا اور آج ایک بار پھر ایسے وقت میں جب کہ لوگ پرنٹ میڈیا سے دور بھاگ رہے ہیں ایسے نازک وقت میں ملی بصیرت شائع کرکے سب کو حیرت میں ڈال دیا ہے، ڈاکٹر سلیم خان نے مزید کہا کہ ملی بصیرت ممبئی کا یہ خصوصی شمارہ مصر کے سابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی رحمۃ اللہ علیہ کی حیات و خدمات پر مشتمل ہے ، ایسے وقت میں جب لوگ مصلحت کی چادر اوڑھے ہوئے ہیں بصیرت میڈیا گروپ نے ڈاکٹر محمد مرسی رحمۃ اللہ علیہ پر خصوصی شمارہ شائع کرکے اپنے حق پسند اور بیباک صحافت کا ثبوت پیش کیا ہے ۔

ڈاکٹر سلیم نے کہا کہ میں بصیرت کو اور اس کے بانی چیف ایڈیٹر غفران ساجد قاسمی کو اس وقت سے جانتا ہوں جب وہ ریاض سعودی عرب میں مقیم تھے اور میں ابوظہبی میں تھا ، 2013 میں جب ڈاکٹر محمد مرسی رحمۃ اللہ علیہ کو صدارت سے معزول کیا گیا اس وقت غفران ساجد قاسمی نے سعودی عرب میں رہتے ہوئے یکے بعد دیگرے تین مضامین ڈاکٹر محمد مرسی رحمۃ اللہ علیہ کی حمایت اور عرب بالخصوص سعودی عرب پر سخت تنقید اور نکتہ چینی کرتے ہوئے لکھا ، جو کہ ان کے حق گو اور بیباکی کی اعلیٰ مثال ہے ۔

عرب سے باہر کہیں بھی رہ کر آپ عرب کی مخالفت میں لکھ سکتے ہیں لیکن عرب میں رہ کر یہ ناممکن ہے لیکن غفران ساجد قاسمی نے ایسا کرکے اپنی اسلام پسندی، حق گوئی اور بیباک صحافی ہونے کا ثبوت پیش کیا، بصیرت آن لائن اور ملی بصیرت ایک ایسا اخبار ہے جو صرف سچ اور حق لکھتا ہے، سنسنی یا کسی بھی معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی عادت نہیں ہے جوکہ ایک صحت مند صحافت اور قوم و ملت کی فلاح و بہبود کے لئے ضروری ہے ، آخر میں ڈاکٹر سلیم خان نے ملی بصیرت ممبئی کی اس خصوصی پیشکش پر بصیرت ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی ۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی نے مصر کے سابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی رحمۃ اللہ علیہ کی حیات و خدمات پر مشتمل ایک خصوصی شمارہ شائع کیا ہے ، اسی شمارہ کی رسم اجراء تقریب جماعت اسلامی ممبئی یونٹ کے منعقدہ تربیتی اجتماع میں کی گئی ، یہ اجتماعی تقریب ساکی ناکہ میٹرو اسٹیشن کے قریب مسجد بلال میں منعقد کی گئی جس میں کثیر تعداد میں عوام و خواص نے شرکت کی ، اس موقع پر بصیرت میڈیا گروپ کے سرپرست مولانا رشید احمد ندوی ، ملی بصیرت کے ایڈیٹر مولانا خان افسر قاسمی ، گروپ ایڈیٹر مولانا سلمان خوشتر حلیمی ، منیجنگ ایڈیٹر مولانا وکیل مظاہری ، مجلس منتظمہ کے ارکان مولانا کلام الدین قاسمی ،مفتی عزیز اللہ ندوی ،آرٹ اینڈ گرافکس ایڈیٹر شجرالہدی ، جماعت اسلامی کے موقر اراکین میں سے بطور خاص ظفر انصاری اور نذیر احمد موجود تھے ، اس موقع پر بصیرت کے بانی اور چیف ایڈیٹر غفران ساجد قاسمی نے بصیرت کا تعارف اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور آخر میں رسم اجرا تقریب کے شاندار انعقاد پر جماعت اسلامی ممبئی یونٹ کا شکریہ ادا کیا ۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.