صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

این سی پی لیڈر آنند پرانجپےکے خلاف احتجاجی مظاہرہ

اورنگ زیب سے متعلق ہتک آمیز بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ ، معافی نہ مانگنے پر اسمبلی انتخابات میں این سی پی امیدوار کے بائیکاٹ کی دھمکی

33,104

ممبرا : کلوا ممبرا اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی جیتیندر آہواڑ ایک بار پھر اسمبلی انتخابات۲۰۱۹ء میں کلوا ممبرا سے امیدواری کرنے کیلئے تیار ہیں۔اطلاعات کے مطابق مخالف جماعتیں انہیں کسی بھی طرح اس مرتبہ شکست دینا چاہتی ہیں۔گزشتہ دونوں مہاراشٹر کے وزیراعلی دیویندر فڈنویس کے ذریعے ریاست کے تمام تاریخی قلعوں کو ہوٹل اور شادی ہال بنائے جانے کے اعلان کے خلاف تھانے میں این سی پی نے جیتیندر آہواڑ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا تھا ۔

جس میں تھانے ضلع صدر آنند پرانجپے نے مسلم حکمراں اورنگ زیب سے متعلق ہتک آمیز باتیں کہی تھیں۔اس احتجاجی مظاہرے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی مسلمانوں نے آنند پرانجپے کے خلاف مظاہرہ کرنا شروع کردیا ہے۔پرانجپے کے ذریعے اورنگ زیب سے متعلق کہی جانے والی ہتک آمیز باتوں سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔ واضح رہے کہ پرانجپے سے اپنے بیان پر معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ اس معاملے میں ممبرا کے کچھ سینئر سیاسی لیڈران،سماجی تنظیموں اور سماجی کارکنان نے این سی پی لیڈر کے خلاف مظاہرہ کیا اور مردہ باد کے نعرے لگائے ۔

اس احتجاجی مظاہرے میں سابق میئر نعیم خان،مجلس اتحاد المسلمین کے کارپوریٹر شاہ عالم،سیف پٹھان،عزیز شیخ عرف باٹا،وشنو بھگت،لسان انصاری کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی لوگ بھی موجود تھے۔اس موقع پر عزیز شیخ نے کہا کہ پرانجپے اپنے بیان پر مسلم سماج سے معافی مانگیں اگر انہوں نے معافی نہیں مانگی تو آئندہ اسمبلی انتخابات میں اہن سی پی امیدوار کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔سابق میئر نعیم خان نے کہا کہ پرانجپے نے اورنگ زیب سے متعلق ہتک آمیز باتیں کہی ہیں اس لئے انہیں فوراً معافی مانگنی چاہیے۔معافی مانگنے سے کوئی چھوٹا نہیں ہوجاتا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.