صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

اے ایم یو کے بِرج کورس میں یوم حقوق انسانی پرتقریب

دنیا میں یوم حقوق انسانی منایا جارہا ہے لیکن شام ، برما ، فلسطین اوراراکان میں انسانیت ذبح کی جارہی ہے اس لیے آج کے دن توماتم منایا جانا چاہیے

1,279

علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بِرج کورس میں عالمی یوم حقوق انسانی کے سلسلہ میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ایک پروگرام ہوا جس میں سول انجینئرنگ کے پروفیسرانورخورشید نے ماحولیات اورحقوق انسانی کے موضوع پر خطبہ دیا ۔ اسسٹنٹ ڈائرکٹر برج کورس بچن علی خاں نے استقبالیہ کلمات میں مہمان کا اورموضوع کا تعارف کرایا ۔ پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے اکیڈمک سپروائزر ڈاکٹر محمداحمد نے برج کورس ، اس کے تصوراوراس کامیابیوں اورطریقۂ کار کارکا تعارف کرایا ۔
پروفیسرانورخورشید نے ماحولیات اورانسانی حقوق پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حقوق انسانی کے موجود چارٹرمیں ماحولیات بھی شامل ہے اس لیے اس پر بات کرنا مناسب ہوگا ۔ انہوں نے مختلف مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ گنگا سمیت ہماری ندیاں آلودگی کا شکارہیں جس میں بے تحاشہ اضافہ ہورہاہے ۔ ایسانہیں ہے کہ پہلے لوگ کوڑا کرکٹ ندیوں میں نہیں ڈالاکرتے تھے ، البتہ پہلے وہ فطرت کی حد کے اندررہتاتھا ، صنعتی دورمیں اب جتنا فضلہ پھینکا جارہاہے وہ اتنازیادہ ہے کہ فطرت اس کا تحمل نہیں کرسکتی اورنتیجہ میں آلودگی سے دنیا بھرمیں مسائل پیدا ہو رہے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں پہلے سال بھرکے علاوہ دومہینوں کے وسائل زیادہ ہوتے تھے یہ اب سے تیس سال پہلے کی بات ہے مگراب اگست کامہینہ شروع ہوتے ہی ہمارے وسائل ختم ہوجاتے ہیں اورہم ادھارپر زندگی گزارتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگرہم اس زمین پر مزید رہنا چاہتے ہیں اور حقوق انسانی سے فیضیاب ہوناچاہتے ہیں توہمیں ماحولیات کے حقو ق بھی اداکرنے ہوں گے ۔
شعبہ سیاسیات اوربرج کورس کے استاد ڈاکٹرمحب الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ اصل میں حقوق انسانی کا چارٹرایک نظریاتی دستاویز ہے جس کوزبانی طورپر دہرانا بڑا خوشنما لگتا ہے مگرعملاً اس کی تنفیذ بڑا مشکل کام ہے ۔ وجہ یہ ہے کہ ہرقوم اورہرتہذیب اس کواپنے ثقافتی پس منظرمیں دیکھنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیامیں پروپیگنڈا یہ ہے کہ مسلمانوں کی آبادی دوسروں سے بڑھ رہی ہے اس کی واقعی وجہ یہ ہے کہ مسلمانوں نے شادی کے ادارہ کومحفوظ رکھاہوا ہے اوراس ادارہ سے جڑے تمام رشتے مقدس ہیں جبکہ دوسروں کے ہاں خاص کرمغرب میں یہ ادارہ بکھرچکاہے ۔ ڈاکٹرمحب الحق نے طلبہ سے کہاکہ یہ جو تضادات ہیں ان کوسمجھ کر منطقی اندازمیں حکمت کے ساتھ دنیا کے سامنے رکھنا ہے ۔
اس موقع پر برج کورس کے چند طلبہ وطالبات نے حقو ق انسانی کے موضوع پر اپنے خیالات پیش کیے ۔ محمد مفید نے یوم حقوق انسانی اوراقوام متحدہ کے حقوق انسانی چارٹرکا تذکرہ کیا اورکہاکہ آج اقوام متحدہ کے قیام کے مقاصد پورے نہیں ہورہے ہیں ۔ آبادعلی نے کہاکہ جنہوں نے سب سے پہلے حقوق انسانی کواختیار کیا آج وہی ان کی خلاف ورزی کررہے ہیں ، انسانیت کا مطلب ہے کہ ہم دوسرے انسانوں کے درد کا احساس کریں ۔ ارم فیاض نے اقوام متحدہ کے حقوق انسانی چارٹرکا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ہم سب کوحقوق انسانی کے تئیں عام بیداری پیداکرنی چاہیے ۔ محمد مرتضٰی نے کہا کہ آج دنیا میں یوم حقوق انسانی منایا جارہا ہے لیکن شام ، برما ، فلسطین اوراراکان وغیرہ میں انسانیت ذبح کی جارہی ہے اس لیے آج کے دن توماتم منایا جانا چاہیے ۔ ثمن پروین نے کہا کہ ہم بچوں کوشروع ہی سے حقوق انسانی سے آگاہ کریں اوراس بارے میں بیداری پیداکریں ۔ ظل الرحمن کا کہنا تھا کہ کہ اسلام نے سب سے پہلے خود اپنے حقوق سے آگاہ کیا اوربتایا کہ اللہ فساد کرنے والوں کوپسند نہیں کرتا ۔ ان کے علاوہ سامعہ نزاکت ، ضمیراورحمزہ اورنہاخورشید نے بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا ۔
پروگرام میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پی آراو عمرسلیم پیرزادہ بھی موجودتھے ۔ تقریب میں تلاوت قرآن طالب علم نوراللہ نے کی ۔ برج کورس کا اسٹاف اورجملہ اساتذہ پروگرام میں شریک رہے ۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.