صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

اب جامعہ اردو علی گڈھ کے طلبا کا دہلی کے ان کالجوں میں آسانی سے ہوگا داخلہ

322,788

نئی دہلی : جامعہ اردو علی گڑھ کا ایک وفد رجسٹرار شمعون رضا نقوی کی قیادت میں دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا سے ملا ۔ وفد میں کنٹرولر رضوان علی خاں ، صوبائی کوآرڈینیٹر ماجد خاں ، محسن رضا نقوی وغیرہ شامل تھے ۔ وفد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایاکہ نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا سے تبادلہ خیال بہت خوش گوار ماحول میں ہوا ۔ وفد نے ان سے درخواست کی کہ جامعہ اردو علی گڑھ سے پاس شدہ طلباء اور طالبات کو دہلی کی یونیورسٹی اور کالجوں میں داخلہ کی سہولت فراہم کی جائے ۔

منیش سسودیا نے وفد کو بھروسہ دیا کہ مستقبل میں دہلی کالجوں اور یونیورسٹی میں جامعہ اردو علی گڑھ سے پاس شدہ طلباء اور طالبات کو داخلہ کی سہولت فراہم کی جائے گی نیز دہلی سرکار کی یہ کوشش رہے گی کہ مستقبل میں ان کو کوئی پریشانی نہ ہو۔دہلی کے نائب وزیرِ اعلیٰ نے جامعہ اردو علی گڑھ کی کوششو ں کو سراہا کہ یہ ادارہ پچھلے 80 سالوں سے اردو زبان کو روزگار سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے جو قابل تعریف ہے کیونکہ اردو بھارت کی زبان ہے ۔ نائب وزیرِ اعلیٰ نے آگے بھی ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا ہے ۔

ماجد خان نے گفتگو میں بتایاکہ ہم نائب وزیر اعلیٰ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمیں ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سرکار کا مستقبل میں بھی پورا تعاون ملتا رہے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ اردو کو روزگار سے جوڑا جائے اور اس کے لئے ذاتی اور سرکاری ہر سطح پر کوشش کی ضرورت ہوتی ہے اور ہمیں دہلی سرکار اس معاملے میں کافی ایماندار اور غیر جانبدار معلوم ہوتی ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.