صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

یہ بجٹ رام مندر کے شوشے کی طرح ہے : نسیم خان

حکومت نے اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے عوام کو گمراہ کیا ہے

1,551

ممبئی : مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کو مہاراشٹرپردیش کانگریس کے نائب صدر اور سابق کابینی وزیر محمد عارف نسیم خان نے حکومت کی ناکامی پر جھوٹ کا پردہ ڈالنے والا بجٹ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ بجٹ رام مندر کے شوشے کی طرح ہے کہ جس طرح چناؤآتے ہی بی جے پی نے رام مندر کے معاملے کو زندہ کیا ہے ، اسی طرح بجٹ میں جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کیا ہے ۔ میڈیا کے لئے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اس بجٹ میں حکومت نے مسلمانوں اور اوسط طبقے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا ہے ۔ مرکزی حکومت آر ایس ایس کی ہدایت کے مطابق عوام کو جھوٹے وعدوں کی بنیاد پر گمراہ کررہی ہے ۔ اس حکومت نے اپنی ناکامیوں اور عوام دشمن پالیسیوں کی بنیاد پر ملک کے اوسط کاروباریوں ، کسانوں اور نوجوانوں کو تباہ وبرباد کردیا ہے ۔ اب بجٹ کے ذریعے وہ انہیں گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جزوقتی وزیرمالیات نے اپنے بجٹ میں پارلیمانی انتخابات کو پیشِ نظر رکھا ہے ۔

نسیم خان نے کہا کہ حکومت اس بات سے اچھی طرح واقف ہے کہ کسان اس سے ناراض ہیں ، اس لئے اس نے کسانوں کو رجھانے کے لئے سالانہ ۶ ہزار روپئے دینے کا اعلان کیا ہے ، لیکن اگر اس کا تجزیہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ صرف کسانوں کو دھوکہ دینے کے لئے کیا گیا ہے ۔ جو کسان لاکھوں روپئے کے قرض میں ڈوبے ہوئے ہیں اور حکومت سے قرض معافی اور اپنے پیداوار کے لئے مناسب قیمت کا مطالبہ گزشتہ پانچ سالوں سے کرتے رہے اور حکومت نے انہیں ٹھینکا دکھایا ، انہیں ۶ ہزار اگر سالانہ طور پر مل بھی گیا تو ان کو اس سے کیا فائدہ ہونے والا ہے ۔ اس کے علاوہ اس بجٹ میں اوسط طبقے کے لوگوں کو کوئی راحت نہیں دی گئی ہے اور نہ ہی مسلمانوں کو کچھ دیا گیاہے ۔ مسلمانوں کو محروم رکھنے کی حکومت کی یہ کوشش آر ایس ایس کی ہدایت کا نتیجہ ہے ۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو یہ بجٹ صرف لوگوں کو دھوکہ دینے اور گمراہ کرنے کے لئے ہے ، لیکن ملک کے عوام بہت ہوشیار ہیں ، وہ سب جانتے ہیں کہ جس طرح چناؤآتے ہی بی جے پی نے رام مندر کی تعمیر کا شوشہ چھوڑا ہے ، اسی طرح یہ بجٹ بھی ہے ، اور عوام آنے والے انتخاب میں اس کا بدلہ لینے سے نہیں چوکیں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.