صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

مہاراشٹرمیں اورنگ آباد اور جلگاؤں میں فرقہ وارانہ تشدد ممبئی کے حساس علاقوں میں حفاظتی انتظامات سخت

45,992

ممبئی : مہاراشٹر کے تاریخی شہر اورنگ آباد اور جلگاؤں میں رام نومی کے موقع پر فرقہ وارانہ تشدد کے بعد ممبئی سمیت دیگر شہروں میں سلامتی اقدامات سخت کر دیئے گئے ہیں اور خصوصی طورپر ممبئی کے حساس علاقوں میں اسٹیٹ ریزرو پولیس فورس (ایس آر پی ایف) کی بٹالین تعینات کردی گئی ہے۔کئی علاقوں میں مسلح پولیس نے مارچ کیا ہے۔


جنوبی ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقوں میں نماز عصر سے نماز تراویح تک پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے اور مساجد کے اطراف مشتبہ افراد پر سخت نظررکھی جارہی ہے۔جبکہ انٹاپ ہل شیخ مصری کے گنجان آبادی والے علاقے اور جھوپڑیوں میں پولیس نے سادہ لباس میں پولیس اہلکار تعینات کئے ہیں ،یہ ممبئی کا ملی جلی آبادی والا احساس ترین علاقہ سمجھا جاتا ہے۔


انٹاپ ہل پولیس اسٹیشن کے سنئیر انسپکٹر ناصرپاشا کلکرنی نے رمضان سے قبل ایک محلہ کمیٹی کی میٹنگ طلب کی اور لوگوں کو مل جل کر اور ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہوئے تہوار منانے کی اپیل کی تھی،یہاں روز شام کو حضرت شیخ مصری روڈ پر انٹاپ ہل پوسٹ آفس اور درگاہ کے درمیان پولیس مارچ کا سلسلہ جاری ہے ،اس کا مقصد شہریوں میں اعتماد بحال رکھنا ہے۔انہوں نے مکینوں سے کہاہے کہ علاقے میں امن وامان رکھنے کے لیے پولیس سے تعاون کریں اور شرپسندوں سے بھی ہوشیار رہیں اور کسی کے بہکاوے میں نہیں آئیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.