صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

مدارس اسلامیہ سے تعلق رکھنے والے 28؍ طلبہ کو بھارت اسکائوٹس اینڈ گائڈس میں کامیابی پر گورنر کا اعزاز

انعام یافتہ میں جمعیۃ چلڈرن ولیج کے چار طلباء بھی شامل ، جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانامحمود مدنی نے سبھی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا

1,363

نئی دہلی / احمد آباد  24؍فروری : گجرا ت کے گورنر اے پی کوہلی نے گاندھی نگر گورنر ہاؤس میں منعقد ایک تقریب میں اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ کے تربیت یافتہ طلباء کو گورنر انعام سے نوازا ۔ جمعیۃ یوتھ کلب جمعیۃ علماء ہند سے وابستہ 28؍ اسکاؤٹس اینڈ گائیڈس بھی انعام حاصل کرنے والوں میں شامل تھے جن میں سے چار طلباء جمعیۃ چلڈرن ولیج انجار(کچھ ) سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ 8 جامعہ ہائی اسکول سوجوترا آنند اور باقی  16پالن پور کے مجلس دعوت الحق کے زیر اہتمام چل رہے اسکول وکالج سے وابستہ ہیں ۔ ان طلباء کی کامیابی پر جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور جمعیۃ یوتھ کے متعلقہ ذمہ داروں کا حوصلہ بڑھا یا ہے ۔

اس موقع پر گورنر ہاؤس میں جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری اور جمعیۃ یوتھ کلب کے مرکزی رکن مولانا حکیم الدین قاسمی بھی موجود تھے ۔ انھوں نے فرحت و انبساط کے ساتھ بتایا کہ جمعیۃ یوتھ کلب ، جمعیۃ علماء ہند کا ڈریم پروجیکٹ ہے ۔ مولانا محمود مدنی کے زیر قیادت گذشتہ چند سالوں میں نوجوانوں کی تربیت کے لیے بھارت اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ تنظیم کا سہارا لیا گیا تھا تاکہ سماج کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے والے نوجوانوں کو تیار کیا جاسکے ۔ اللہ کا شکر ہے کہ اس سے پہلے بھی جمعیۃ یوتھ کلب کے بچے گورنر انعام پا چکے ہیں ۔ اب تک ہمارے ۹۳؍ نوجوانوں کو انعام مل چکا ہے ، تاہم ان کا منزل اس سے بھی آگے ہے ۔

واضح ہو کہ رواں ماہ کے ۸ تا ۱۱؍فروری کو بھاؤ نگر کے سردار پٹیل گراؤنڈ میں گجرات سرکار کے زیر اہتمام منعقد بھارت اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ پروگرام میں جمعیۃ چلڈرن ولیج کے طلباء شریک ہوئے تھے ، جنھوں نے وہاں پہلی بار اپنے خیمے میں جمعیۃ کا جھنڈا نصب کیا تھا ۔ گورنر ہاؤس میں ہوئی تقریب میں مولانا حکیم الدین قاسمی ، جاوید بھائی آنند ، عثمان بھائی آنند ، ماسٹر جیتو بھائی دھاسورا ، الیاس بھائی شیخ اور چلڈرن ولیج کے ماسٹر عبدالکریم بھی موجود تھے ۔ اپنے بچوں کی کامیابی پر جمعیۃ یوتھ کلب جمعیۃ علماء ہند کے کنوینر مولانا کلیم اللہ قاسمی ہنسور ، پالن پورجمعیۃ یوتھ کے ذمہ دار جمعیۃ علماء گجرات کے نائب صدر مولانا عبدالقدوس ندوی ، جمعیۃ علماء بناس کانٹھا کے سکریٹری عتیق الرحمن قریشی ، حاجی ایم جی گجراتی اور مفتی الیاس گجراتی نے انعام یافتہ طالب علموں کو مبارک باد دی ہے اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.