صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بھدوہی میں دومنزلہ مکان میں دھماکہ ۸ سے زائد افراد کی ہلاکت کا اندیشہ

746

وارانسی : (ایجنسی) بھدوہی ضلع کے چوری تھانہ حلقہ کے روہٹا بازار میں ہفتہ کی دوپہر میں ایک دو منزلہ عمارت میں پر اسرار دھماکہ میں ابتک ۸ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جاچکی ہے ۔ اس حادثہ میں کئی افراد بری طرح زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ اے ڈی جی وارانسی زون پی وی رام شاستری کے مطابق اب تک ۸ افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ تین شدید زخمی افراد کو ملبہ سے نکالا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انسداد دھماکہ دستہ اور فارینسک ماہرین کی ٹیم کو دھماکہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے وارانسی سے جائے وقوعہ پر بھیجا گیا ہے ۔ بھدوہی پولس کی رپورٹ کے مطابق چوری تھانہ حلقہ میں وارانسی بھدوہی شاہراہ کے کنارے مکان میں قالین سازی کا کام ہوتا ہے ۔ دوپہر بارہ بجے کے قریب اس عمارت کے اندر ایک بڑا دھماکہ ہوا اور نتیجہ کے طور پر پوری عمارت زمین بوس ہو گئی ۔

دھماکہ اتنا شدید تھا کہ پڑوس کی عمارتیں بھی متاثر ہوئی ہیں ۔ دھماکہ کی آواز سے علاقہ میں افراتفری پھیل گئی ۔ کچھ ہی منٹوں میں وہاں مقامی لوگوں نے پہنچ کر ملبہ میں دبے ہوئے لوگوں کو نکالنے کا کام کیا ۔ چوری پولس بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور اعلیٰ افسران کو اس تعلق سے باخبر کیا ۔ مقامی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ دھماکہ کے وقت بڑی تعداد میں قالین سازی کے مزدور اندر کام میں مصروف تھے ۔

پولس کے مطابق حادثہ کی وجوہات کا ابھی پتہ نہیں لگا ہے ۔ بم ناکارہ کرنے والا دستہ اور فارینسک ماہرین کی تفتیش کے بعد ہی اس دھماکہ کی وجوہات کا پتہ چل سکتا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.