صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ماحولیاتی آلودگی ۔ایک سنگین مسلہ

64,745

ہر سال 5 جون کو عالمی یوم ماحولیات منایا جاتا ہے۔پہلی مرتبہ 1974 میں عالمی یوم ماحولیات منایا گیا تھا۔جس کا موضوع تھا”صرف ایک کرہ ارض”(Only one Earth).ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کو اُجاگر کرنے کے لیے 1974 سے ہر سال 5جون کو ماحولیات کے تحفظ کا عالمی دن منایا جاتا ہے بیسویں صدی کے صنعتی انقلاب نے زندگی میں متعدد آسانیاں فراہم کیں۔سائنس اور ٹکنالوجی کی مدد سے انسان نئی نئی دریافت کرتا گیا۔آسمانوں،سیاروں پر کمند ڈالنے کی کوشش میں پیروں تلے کی زمین کب خطرے میں آگئی اُسے معلوم ہی نہیں ہوسکا ترقی کے راستوں پر دوڑتے ہوئے ہم یہ بھول گئے کہ فطرت کو جتنی ہماری ضرورت ہے اُس سے کہیں زیادہ ہمیں فطرت کی ضرورت ہے۔ موجودہ وقت میں صنعت کاری، بڑھتی آبادی اور دیگر ترقیات کے باعث ماحول کی خرابی نے انسان اور فطرت کے درمیان سنگین عدم توازن پیدا کر دیا ہے۔


آلودگی کیا ہے ؟
سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ ہم نے اپنے ماحولیات کو کس حد تک اور کیسے نقصان پہنچایا ہے۔سائنسی زبان میں اگر آلودگی کی تعریف بیان کی جائے تو وہ یہ ہے کہ” ماحول میں ناگوار او ناپسندیدہ تبدیلی جو انسانی سرگرمیوں کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔یہ تبدیلی طبعی، کیمیائی اور حیاتی نوعیت کی ہوتی ہے۔ہوا، پانی اور زمین میں آنے والی یہ تبدیلیاں صرف انسان ہی نہیں بلکہ حیوانات اور نباتات پر بھی مضر اثرات مرتب کرتی ہیں "
قدرتی ماحول میں ایسے اجزاء شامل ہونا جس سے ماحول میں منفی اور ناخوشگوار تبدیلیاں واقع ہوں، وہ سلسلہ بدستور جاری ہے ۔حالانکہ نظامِ قدرت اِس قابل ہے کہ وہ ایک حد تک خود کو واپس درست حالت میں لاسکتا ہے۔لیکن ماحول کے ساتھ حد سے زیادہ کی گئی چھیڑ چھاڑ اور مداخلت شدید قسم کی پریشانیوں کا سبب بن سکتا ہے۔آج مختلف آلودگیوں نے ہمیں گھیر لیا ہے جس کے ذمے دار ہم خود ہیں۔صوتی آلودگی، غذائی آلودگی، فضائی آلودگی،برقی آلودگی، بحری آلودگی،آبی آلودگی وغیرہ ہر انسان کے لیے مسلہ بن گئی ہیں۔


یوم ماحولیات
5-16 جون 1972 میں اسٹاک ہوم میں اقوامِ متحدہ کی جانب سے اس ضمن میں پہلی کانفرنس منعقد کی گئی تھی۔جس میں ماحولیات میں آنے والی تبدیلیوں پر سنجیدگی سے غور کیا گیا اور ماحول کے تحفظ کے لیے مل جُل کر کام کرنے پر زور دیا گیا۔اُسی سال 15دسمبر 1972کو یہ طے کیا گیا کا ہر سال 5جون کو عالمی یوم ماحولیات منایا جائے گا۔ ہر سال ایک موضوع طے کیا جاتا ہے جس پر پوری دنیا میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے اور ایک ہی موضوع کی مناسبت سے پورے سال کام کیا جاتا ہے۔5جون 1974کو پہلی مرتبہ يوم ماحولیات(Only one Earth) "صرف ایک کرہ ارض”کے موضوع کے ساتھ ترتیب دیا گیا تھا۔


وقت کی ضرورت
فطرت کے ساتھ تعلق کو دوبارہ بہتر بنانے کی کوشش کرنا بے حد ضروری ہے۔اِس کے لیے شجر کاری اور شہروں کو ہرا بھرا بنانے پر خاص توجہ دی جانی چاہیے ۔2018 میں ہندوستان نے(Beat plastic pollution) پلاسٹک کی آلودگی کا خاتمہ” کے موضوع کے ساتھ یوم ماحولیات کی میزبان ہونے کی ذمداری نبھائی تھی.49 برس سے منائے جارہے یوم ماحولیات میں ہر سال کسی ملک کو میزبان ہونے کا اعزاز اور ذمے داری دی جاتی ہے۔


مسائل کے حل کی جانب بڑھتے قدم
اِس بات سے انکار ممکن نہیں کہ قدرتی ماحول کا تحفظ، شجر کاری، اور ماحولیاتی آلودگی کا سد باب کرنے والے منصوبوں پر توجہ اور عمل کرکے ہی آنے والی نسلوں کو بہتر ماحول میں زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔یہ وقت کی ضرورت بھی ہے اور ہماری زمے داری بھی۔اِس ضمن میں لگاتار کام کیا جا رہا ہے لیکن صرف سرکاری سطح پر کیے جانے والے کام ہی کافی نہیں ہیں اِس کے لیے ہر شخص کو اپنی ذمداری نبھائی ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.