صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

صابو صدیق انجینئرنگ کالج میں ڈاکٹر ماچس والا کا خطاب

انہوں نے کہا ’دوستانہ ماحول میں ’اِسٹریس فری‘ رہ کر ہم معیاری تعلیم حاصل کرسکتے ہیں‘

1,504

ممبئی : (ملک اکبرحسن) گزشتہ دنوں انجمنِ اسلام صابو صدیق کالج آف انجینئرنگ کے سیمینار ہال میں ایک غیر معمولی لیکچر کا اہتمام کیا گیا ۔ ’مینٹل ہیلتھ اِن ایجوکیشن سسٹم‘ عنوان کے تحت ملک کے معروف ماہر نفسیات ڈاکٹر یوسف ماچس والا نے معلومات افزاء خطاب کیا ۔ اس کا انعقاد شعبہ الیکٹرانکس اینڈ ٹیلی کمیونکیشن انجینئرنگ کی جانب سے کیا گیا ۔ پروگرام کا آغازتلاوتِ کلامِ الٰہی سے ہوا ، اس کے بعد پروگرام کی غرض و غایت اور ڈاکٹر موصوف کا تعارف انجینئر ظفر خان نے پیش کیا ، کالج کے وائس پرنسپل پروفیسر ظہیر خان نے مہمان کی خدمت میں گلدستہ پیش کرکے اُن کا خیر مقدم کیا ۔

ڈاکٹر یوسف ماچس والا نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ ’ہم اپنے اِس کالج میں وقت کا بہت بڑا حصہ صَرف کرتے ہیں ، ہماری صلاحیتوں کا اکثر استعمال اس انسٹی ٹیوٹ میں ہوتا ہے تو یہ بہت ضروری ہے کہ اس کے مثبت اثرات طلبا اور ادارے پر ہونا چاہئے ، ہماری کوشش یہ ہونی چاہئے کہ ہم طلبا کو زیادہ سے زیادہ معیاری تعلیم دے سکیں ، طلبا اور ساتھیوں کے ساتھ ہمارا رویہ ایسا ہونا چاہئے کہ وہ کسی بھی طرح کا دبائو محسوس نہ کریں ، نہایت دوستانہ ماحول میں ’اِسٹریس فری‘ رہ کر ہم معیاری تعلیم حاصل کرسکتے ہیں‘ ۔

ڈاکٹر ماچس والا کے بعد ڈاکٹر علی اکبر گبھرانی نے بھی اپنے غیر معمولی تجربات کی روشنی میں مذکورہ عنوان کے تحت سیر حاصل گفتگو کی نیز اسٹاف کے سوالات کے جوابات بھی دیئے ۔ اس افادیت سے بھرپور پروگرام میں کافی تعداد میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ عملہ نے شرکت کی اور پروگرام سے بھرپور استفادہ کیا ۔ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محی الدین احمد نے بھی پروگرام کے موضوع کو سراہا اور اپنی پسندیدگی کا اظہار کرکے حوصلہ افزائی فرمائی ۔ پروگرام کا اختتام انجینئر فیروز شیخ کی رسمِ شکریہ کے ساتھ ہوا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.