صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

دہلی ۔ ناندیڑ ۔ دہلی ہوائی سروس کا 19؍نومبر سے آغاز

1,501

ناندیڑ(منتجب الدین) : ناندیڑ سے دہلی کے لئے ہوائی سروس شروع کرنے کا مطالبہ پچھلے ایک سال سے کیا جارہا تھا ۔ بلاخر ایئر انڈیا نے دہلی۔ناندیڑ۔دہلی ہوائی سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ مسافروں کی سہولت کے لئے اس روٹ کے ہوائی ٹکٹ کی بکنگ کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔ ایئر انڈیا ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق دہلی ۔ ناندیڑ ۔ دہلی ہوائی سروس کا آغاز 19؍نومبر سے ہونے جارہا ہے ۔ ہفتہ میں 2 دن یہ سروس فی الحال شروع کی جارہی ہے ۔ پیر اور جمعرات کے دن ائیر انڈیا کی فلائٹ نمبر AI-455یہ دہلی ایئر پورٹ سے دوپہر 3 بج کر 20 منٹ کو روانہ ہوگی اور شام 5 بج کر 5 منٹ کو ناندیڑ ایئر پورٹ پہنچے گی ۔ واپسی میں فلائٹ نمبر AI-456یہ ناندیڑ ایئر پورٹ سے شام 5 بج کر 45 منٹ کو روانہ ہوگی اور شام 7 بج کر 30 منٹ کو دہلی ایئر پورٹ پہنچے گی۔ تقریبا پونے دو گھنٹے میں دہلی ۔ ناندیڑ کا سفر طئے ہوگا ۔ ایئر انڈیا کا یہ طیارہ ایئر بس A-319قسم کا طیارہ ہے جس میں 144 نشستیں موجود رہیں گی ۔ اکنامی کلاس کے لئے دہلی ۔ ناندیڑاور ناندیڑ ۔ دہلی کا ایک طرفہ کرایہ کا آغاز 2999 روپیئے سے ہوگا ۔ جیسے جیسے ٹکٹ کی بکنگ ہوتی جائے گی ویسے ایئر ٹکٹ کی رقم میں بھی اضافہ ہوگا اور ایئر فیر کی تبدیلی ہوگی ۔ واضح رہے کہ ائیر انڈیا نے ناندیڑ سے امرتسر کے لئے پچھلے سال ہوائی سروس شر وع کی تھی۔ ہفتہ میں 2 دن ہفتہ اور اتوار کو امرتسر ۔ ناندیڑ ۔ امرتسر ہوائی سروس ایئر انڈیا کی دستیاب ہے ۔ سکھ زائرین بڑی تعداد میں اس طیارہ سے ناندیڑ سفر کررہے ہیں۔ گردوارہ بورڈ نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ ناندیڑ سے دہلی کے لئے علحیدہ ہوائی سروس شروع کی جائے ۔ ناندیڑ کے رکن پا رلیمنٹ اشوک چوہان نے بھی پچھلے سال مرکزی شہری ہوا بازی وزیر سے ملاقات کرکے ناندیڑ ۔ دہلی ہوائی سروس شروع کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ فی الحال حیدرآباد ۔ ناندیڑ ۔ حیدرآباد اور ممبئی ۔ ناندیڑ ۔ ممبئی ہوائی سروس بھی ٹروجیٹ کمپنی کی جانب سے دستیاب ہے ۔ اب دہلی روٹ پر ایئر انڈیا ناندیڑ سے ہوائی سر وس شروع کرنے جارہی ہے ۔ امکان ہے کہ اس ہوائی سروس کو بھی مسافر پسند کرتے ہوئے ہوائی سروس سے استفادہ کریں گے ۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.