صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بھیونڈی پولیس کالونی کی دُرستگی کے کام میں لاکھوں روپیوں کی بد عنوانی

  ناقص درجہ کے کام کے لیے ٹھیکیدار سمیت محکمہء تعمیرات عامہ کے افسران پر کارروائی کا شیو سینا رکن اسمبلی شانتارام کا مطالبہ

1,541

بھیونڈی:(عارِف اگاسکر)بھارتی رِیاست مہاراشٹر میں بھیونڈی شہر کے بھادوڑعلاقہ میں واقع خستہ حال پولیس کالونی کی درستگی کے لیے وہاں پررہائش پذیر پولیس اہلکاروں کے خاندان والوں نے محکمہء تعمیرات عامہ سمیت اعلیٰ پولیس افسران سے متعدد شکایات اور مکتوبات روانہ کیے تھے ۔ جس پر توجہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے خصوصی مالی فنڈ سے بھادوڑ پولیس کالونی کی دُرستگی کے لیے ۱۰؍ کروڑ  روپےکےفنڈ کو منظوری عطا کی ہے ۔ مذکورہ فنڈ کی منظوری کے بعدٹھیکیداروں کے ذریعہ پولیس کالونی کی دُرستگی کا کام شروع کیا گیا ۔ اس سلسلے میں شیو سینا کے رکن اسمبلی شانتارام مورے نے رِیاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ چندرکانت دادا پاٹل کو ایک مکتوب روانہ کر تے ہوئےالزام عائد کیا ہے کہ مذکورہ کام کے ٹھیکیداروں نے محکمہء تعمیرات عامہ کے افسران کی پشت پناہی سے اس معاملہ میں بڑے پیمانے پر بد عنوانی کی ہے اور پولیس کالونی کی دُرستگی کا کام انتہائی ناقص درجہ کا کیا ہے ۔ اس لیے ناقص درجہ کے اس کام کی کسے تیسرےصاف وشفاف ادارے کے ذریعہ جانچ کی جائے اور محکمہء تعمیرات عامہ کے خاطی افسران پر کارروائی کی جائے نیز ناقص درجہ کا کام کر نے والے ٹھیکیدار کو بلیک لِسٹ کیا جائے ۔ رکن اسمبلی شانتارام مورے کے اس مطالبہ کے سبب محکمہء تعمیرات عامہ کے افسران سمیت ٹھیکیداروں میں زبردست کھلبلی مچ گئی ہے ۔

بتایا جاتا ہے کہ بھیونڈی کے بھادوڑعلاقہ میں واقع پولیس کالونی میں تقریباً ۳۶؍ عمارتیں ہیںجن میں۲۴۰؍ مربع فٹ کے ۲۵۰؍ کمرے ہیں ۔ ان کمروں کی حالت خستہ ہو نے سے پولیس اہلکاروں کے خاندان کی جانب سے ان عمارتوں کی دُرستگی کا مطالبہ کیا جارہا تھا ۔ جس پر توجہ دیتے ہوئے سرکار نےان عمارتوں کی دُرستگی کے لیے ۱۰؍ کروڑ روپیوں کا فنڈ منظور کیا ہے ۔ اس سلسلے میں بھیونڈی دیہی کے رکن اسمبلی شانتارام مورے نےرِیاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ چندرکانت دادا پاٹل کو ایک مکتوب روانہ کر تے ہوئےمطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ فنڈ کا استعمال ۲۴۰؍ مربع فٹ کے دو کمروں کویکجا کر کےتقریباً ۴۸۰؍ مربع فٹ کا ایک بڑا کمرہ بنا کران پر رنگ وروغن کر نےسمیت دروازے ، کھڑکیاں ، برقی سامان اور ڈرینیج لائن وغیرہ کی دُرستگی کے لیے ۱۰؍ کروڑ روپیوں کا فنڈ منظور کیا گیا ہے ۔

ٹھیکہ پالگھر کے جیجائو کنسٹرکشن اور نئی ممبئی کے یو نائٹیڈ انٹر پرائزیز نامی دو ٹھیکداروں کو عطا کیا گیا ہے ۔ لیکن ان دو نوں ٹھیکیداروں نے محکمہء تعمیرات عامہ تھانے اور مذکورہ کام کی نگرانی کر نے والے محکمہء تعمیرات عامہ سب ڈیویژن بھیونڈی کے افسران سے ساز باز کر کےان عمارتوں کی دُرستگی کا کام انتہائی ناقص درجہ کا کیا ہے ۔ جبکہ دُرست کیے گئے کئی کمرے دو بارہ خستہ حال ہو گئے ہیں ۔ جس کے سبب مذکورہ کام میں بڑے پیمانے پر بد عنوانی ہوئی ہے اس لیے اس ناقص درجہ کے کام کی تفتیش کی جائے اور خاطی افسران پر کارروائی کر تے ہوئے ناقص درجہ کا کام کر نے والے ٹھیکیداروں کو بلیک لِسٹ کیا جائے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ جب تک محکمہء تعمیرات عامہ کے لاپرواہ افسران اور ٹھیکیداروں پر کارروائی نہیں کی جاتی تب تک وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔ اس سلسلے میں مزید جانکاری حاصل کر نے کے لیے محکمہء تعمیرات عامہ بھیونڈی سب ڈیو یژن کے انجینئر دھاترک سے رابطہ قائم کر نے کی کو شش کی گئی لیکن ان سے رابطہ قائم نہیں ہو سکا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.