دبئی سے ہیرا چرا کر فرار چینی جوڑا ممبئی میں گرفتار
ممبئی : ایک چینی جوڑے نے دبئی کی ایک دوکان سے تین لاکھ درہم قیمت کا ہیرا چرا لیا اور پھر وہاں سے فرار ہو گیا ۔جوڑے کو بیس گھنٹے میں ہی ممبئی ہوائی اڈے سے گرفتار کرلیا گیا ۔گلف نیوز کی پیر کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک اہلکار نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سے اسمگل کئے جانے کے بعد تین اعشاریہ ستائیس کراٹ کا ہیرا ہندوستان میں خاتون کے پیٹ سے ملا ۔ اہلکار نے بتایا کہ عمر کی چوتھی دہائی میں چل رہے جوڑے نے دبئی کے دیرہ میں واقع ایک زیورات کی دوکان سے ہیرا چرا لیا اور فورا ملک سے فرار ہو گئے ۔ اخبار کے مطابق براستہ ممبئی ہانگ کانگ جانے کی کوشش کرتے وقت دونوں گرفتار کر لئے گئے ۔ جوڑے کو انٹر پول اور ہندوستانی پولس کے باہم اشتراک سے واپس یو اے ای لے جایا گیا ۔پولس نے اسٹور میں لگے سی سی ٹی وی کا فوٹیج جاری کیا جس میں جوڑا زیورات کی دوکان میں داخل ہوتا ہوا نظر آرہا ہے ۔فوٹیج میں نظر آرہا ہے کہ وہ آدمی اسٹاف سے ہیروں کے بارے میں معلومات کرکے اس کا دھیان بانٹنے کی کوشش کرررہاہے ۔ جبکہ خاتون سفید رنگ کا ہیرا چراتی نظر آرہی ہے۔اس نے ہیرا چرا کر اپنی جیکٹ میں رکھ لیا اور آدمی کے ساتھ دوکان سے نکل گئی جرائم تفتیش محکمہ کے ڈائریکٹر کرنل عدیل الجوکر نے کہا کہ جوڑے نے ہیرا چرانے کی بات قبول کرلی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ایک ایکسرے اسکین میں خاتون کے پیٹ میں ہیرا نظر آیا ۔اس کے بعد ہیرا بر آمد کرنے کے لئے ایک معالج کو بلایا گیا ۔