1992 میں کارسیوکوں کے قتل عام کی ذمہ دار بی جے پی ہے : شیو سینا کا الزام
ممبئی : (ریحان یونس) بابری مسجد رام مندر تنازع پر سپریم کورٹ کا فیصلہ شیو سینا اور بی جے پی اتحاد معاملہ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔ اگر عدالت کا فیصلہ رام مندر کی تعمیر کے حق میں آتا ہے تو شیوسینا بی جے پی سے اتحاد کرے گی ورنہ شیوسینا اسمبلی اور عام انتخابات میں اکیلے زور آزمائی کرے گی ۔ لیکن تب تک شیوسینا مسلسل معاملات کو اٹھاتی رہے گی ۔ جمعرات کو شیوسینا نے وزیراعلی نریندر مودی کو رام مندر تعمیر معاملہ میں یو ٹرن لینے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 1992 میں کارسیوکوں کے قتل عام کی ذمہ دار بی جے پی ہے ۔ اس معاملہ پر شیو سینا نے بی جے پی سے معافی کا مطالبہ بھی کیا ۔
شیو سینا مودی اور بی جے پی پر حملہ اور تنقید کرنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی یہاں تک بی جے پی لیڈران بشمول پارٹی صدر امِت شاہ ، وزیر اعلی دیویندر فڈنویس اتحاد کو ممکن بنانے کی بات کر رہے ہیں لیکن شیوسینا ان کو بھی تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے ۔ جمعرات کو اپنے ترجمان سامنا کے اداریہ کے ذریعے شیوسینا نے کہا کہ مودی حکومت اکثریتی حکومت ہے اور وہ رام مندر تعمیر کر سکتی ہے ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر اکثریتی حکومت میں مندر تعمیر نہیں ہوگا تو کب ہوگا ؟