سرجیکل اسٹرائیک کے ذریعے بی جے پی کو ’تڑی پار‘ کیجئے : اشوک چوہان
جن سنگھرش یاترا کی وجہ سے گڈچرولی ضلع کانگریس کے رنگ میں رنگ اٹھا، مختلف پارٹیوں کے سیکڑوں کارکنان کی کانگریس میں شمولیت
گڈچرولی : بی جے پی کی مطلق العنانی و عوام مخالف پالیسیوںسے پورا ملک پریشان ہوچکا ہے۔ اس ملک کو اگردوبارہ ترقی کی راہ پر لانا ہے تو آئندہ انتخابات میں بی جے پی پر سرجیکل اسٹرائیک کرکے اسے تڑی پار کیجئے ۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹرریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر ایم پی اشوک چوہان نے گڈچرولی میں جن سنگھرش یاترا کے دوران منعقدہ جلسہ عام سے وہ خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔
اس جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اشوک چوہان نے ملکی مسائل سے لے کر گڈچرولی کے مقامی مسائل تک بی جے پی حکومت کی ناکامیوں کا تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے آدیواسیوں کے ساتھ مسلسل نا انصافی کی ہے ۔ کانگریس حکومت نے آدیواسیوں کے مفاد کے تحفظ کے لئے فاریسٹ رائٹ قانون بنایا تھا ۔ بی جے پی حکومت نے اس قانون کو اپنے پیروں تلے روندا ہے ۔ جنگلات کی زمین کو صنعتکاروں کے حوالے کرنے کا کام جاری ہے ۔
یہ صنعتکار جنگلات کا صفایا کرکے زیرِ زمین کی بیش قیمتی دولت کو لوٹ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ روزگار نہ ہونے کی وجہ سے قلت تغذیہ کی وجہ سے ہونے والی اموات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ امواتِ اطفال کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ۔ اس صورت حال میں آدیواسیوں کی فلاح وبہبود کے وزیر یہ غیرانسانی بیان دیتے ہیں کہ ’بچے مرتے ہیں تو مرنے دو‘ ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی کے وزیر کو آدیواسیوں کی کتنی فکر ہے ۔
اشوک چوہان نے کہا کہ کانگریس کے دور میں شروع ہوئے پروجیکٹ بجٹ کی قلت کی وجہ سے ٹھپ پڑچکے ہیں ۔ دیسائی گنج وڈسا ریلوے پروجیکٹ کانگریس نے منظور کیا تھا اور اس کے لئے بجٹ بھی مختص کیا تھا ۔ اس حکومت میں ترقیاتی کام بھلے ٹھپ ہوگئے ہیں لیکن ریت اور شراب کی اسمگلنگ زوروں پر ہے ۔ محکمہ صحت مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے اورڈاکٹروں کے عہدے خالی پڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا دعویٰ سب کا ساتھ سب کا وکاس کا ہے لیکن وکاس صرف ٹھیکیداروں کا ہورہا ہے ۔
عام آدمی کو راشنگ پر ملنے والے چاول ومٹی کے تیل تک نہیں مل رہے ہیں ۔ عام آدمی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے جد وجہد کررہا ہے۔ عوام حکومت سے انصاف کی گہار لگا رہی ہے اور حکومت میں بیٹھے ہوئے عوام کو راحت پہونچانے وان کے ساتھ انصاف کرنے کے بجائے انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ اس حکومت کو اکھاڑ پھینکے بغیر عوام کو کوئی راحت نہیں ملنے والی ہے ۔
وجئے ویڈیٹی وار نے بھی حکومت پر زبردست تنقید کی اور کہا کہ آئندہ لوک سبھا الیکشن میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے ۔ عوامی مفاد کے لئے اس حکومت کے خلاف ہم متحدہ طور پر جدوجہد کریں گے ۔ اس جلسے میں گڈچرولی ضلع کے مختلف پارٹیوں کے سیکڑوں کارکنان نے اشوک چوہان کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی ۔
اس موقع پر اسٹیج پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری ومہاراشٹر کے نائب نگراں آشیش دووا، سابق ایم ایل اے وضلع کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر نامدیو اسینڈی ، سابق ایم پی ماروتی راؤ کوواسے ، سابق ایم ایل اے آنند راؤ گوڈام ، آشیش دیشمکھ، سیوک واگھاوے ، کیشور گج بھیئے ، آننت راؤ گھارڈ ، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری رام کشن اوجھا ، شیام امالکر ، پرکاش سوناؤنے ، چندرپور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر پرکاش دیوتلے ، ریاستی کانگریس کے ترجمان اتل لونڈھے ، ریاستی کانگریس کے سکریٹری سریش بھویر ، شاہ عالم شیخ ، پنکج گوڈے وار اور وارڈاے وغیرہ موجود تھے جبکہ بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی ۔