صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ڈومینیکن ریپبلک کے سفیر نے اے ایم یو کا دورہ کیا

59,029

علی گڑھ: ڈومینیکن ریپبلک کے سفیر عزت مآب ڈیوڈ پوئیگ نے یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک و تعاون اور ثقافتی و تعلیمی معاہدوں کے ذریعے ہند-ڈومینیکن ریپبلک تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے غیر ملکی زبانوں کے شعبہ کا دورہ کیا۔

            اپنے دورے کے موقع پر انہوں نے ہندوستان اور ڈومینیکن ریپبلک کے درمیان تعلیمی، دو طرفہ سیاسی، اقتصادی و ثقافتی تعاون اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے طریقوں پر گفتگو کی۔

            انہوں نے اے ایم یو کے طلباء پر زور دیا کہ وہ ثقافتی سفارت کاری کے محور میں رہیں اور بین ثقافتی مکالمہ کے اقدامات کا حصہ بنیں۔ مسٹر پوئیگ نے ثقافتی و تعلیمی رابطوں کے ذریعے تعلقات کو فروغ دینے اور مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

            خطبہ استقبالیہ میں پروفیسر جاوید اقبال (ڈین، فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز اور چیئرمین، شعبہ فارن لینگویجز) نے ڈومینیکن ریپبلک کے سفیر کو شعبہ کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور ڈومینیکن ریپبلک کے اداروں کے ساتھ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سفیر موصوف کو یادگاری نشان بھی پیش کیا۔

            پروفیسر محمد رضوان خان (صدر، شعبہ انگریزی) نے ہندوستان اور لاطینی امریکی ممالک کے درمیان خلیج کو دور کرنے کے لئے ہندوستانی تعلیمی اداروں میں ہسپانوی زبان پڑھانے کی ضرورت کا اظہار کیا۔

            پروفیسر ایم شاہ الحمید (شعبہ ہندی) نے ڈومینیکن ریپبلک کے ادب کے ہندی اور دیگر ہندوستانی زبانوں میں ترجمے کے بارے میں گفتگو کی۔

            پروفیسر رخشندہ ایف فاضلی، ڈاکٹر ساون کمار سنگھ اور ڈاکٹر فاضلہ شاہنواز نے دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور تحقیق میں تعاون کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔

            ہسپانوی زبان کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مراد احمد خان نے گفتگو کا آغاز کیا۔ ڈاکٹر سہیل اختر نے کلمات تشکر ادا کئے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.