صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

پوائی علاقہ میں ایئر ہوسٹس کا رہائش گاہ میں گلا ریت کر قتل

75,602

واردات والی عمارت کا ملازم قتل کے الزام میں گرفتار۔مقتولہ ایئر انڈیا میں تربیت لینے ۶؍ ماہ قبل ممبئی آئی تھی

ایئر انڈیا میں ایئرہوسٹس کی تربیت حاصل کرنے کیلئے اپنے آبائی وطن چھتیس گڑھ سے محض ۶؍ ماہ قبل ممبئی آئی ہوئی ایک ۲۴؍ سالہ لڑکی کا اس کے رہائشی مکان میں گلا ریت کر بے رحمی سے قتل کردیا گیا تھا اور پولیس نے ۲۴؍ گھنٹوں کے اندر قتل کے مشتبہ ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

اتوار کی شب ۹؍ بج کر ۴۰؍ منٹ پر پولیس کو اندھیری (مشرق) کے اشوک نگر میں واقع این جی کمپلیکس کے ایک فلیٹ میں رہائش پذیر خاتون کی لاش ملی تھی۔ اس پر پوائی پولیس نے قتل کا کیس درج کرلیا اور اس کیس کو حل کرنے کیلئے کرائم برانچ یونٹ ۱۰؍ کی ۸؍ ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جنہوں نے جدید تکنیک اور روایتی انداز دونوں طریقے سے تفتیش شروع کی۔

تفتیش کے دوران پولیس کو این جی کمپلیکس میں ہی گزشتہ ایک برس سے صفائی کا کام کرنے والے ۴۰؍ سالہ وکرم اتھول پر شبہ ہوا اور پھر تکنیکی آلات کی مدد سےاسے تلاش کرکے حراست میں لے لیا گیا۔

مقتولہ کی شناخت روپل اوگرے کے طورپر ہوئی ہے اور اطلاع کے مطابق وہ ممبئی میں اپنی بہن اور اس کے ایک دوست کے ساتھ رہتی تھی۔ مذکورہ دونوں افراد ۸؍ روز قبل گائوں چلے گئے تھے جس کی وجہ سے روپل پوائی کے مکان میں تنہا رہ رہی تھی۔ اتوار کو روپل نے جب اپنے اہلِ خانہ کے فون کا جواب نہیں دیا تو ان لوگوں نے ممبئی میں ہی ایک شناسا کو پوائی میں جاکر روپل کی خیریت معلوم کرنے کو کہا۔ جب وہ دوست اس مکان پر پہنچا تو گھر اندر سے بند تھا اور اندر سے کوئی جواب نہیں مل رہا تھا جس پر پوائی پولیس کو اطلاع دی گئی اور جب پولیس نے دوسری چابی سے دروازہ کھول تو اس کی لاش ملی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.