صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

زائرہ وسیم کے بعد اداکارہ ثنا خان نے بھی دنیا کی بے ثباتی اورخوف آخرت کے سبب فلمی دنیا کو الوداع کہا

18,695

ممبئی : زائرہ وسیم کے بعد بالی ووڈ کی ایک اور اداکارہ نے بالی ووڈ کو الوداع کہہ دیا ۔ زائرہ وسیم کی ہی طرح انہیں بھی دنیا کی بے ثباتی اور خوف آخرت نے یہ فیصلہ لینے پر مجبور کیا کہ گناہوں کی زندگی چھوڑ کر اللہ کے بتائے راستوں پر چلا جائے اور انسانیت کی خدمت کی جائے ۔

بِگ باس کے ذریعہ بے پناہ شہرت حاصل کرنے والی اور سلمان خان کے ساتھ کام کر چکی بالی ووڈ اداکارہ ثنا خان نے اسلامی زندگی پر عمل پیرا ہونے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے فلم انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعہ یہ جانکاری اپنے شیدائیوں کو دی اور کہا کہ اب وہ مذہب اسلام کی راہ پر چل کر اپنی زندگی بہتر بنانا چاہتی ہیں اور مرنے کے بعد جو زندگی ہوتی ہے اس کو سنوارنا چاہتی ہیں۔

ثنا خان نے اپنے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ کیا ہے جس میں انھوں نے تفصیل سے اپنے فیصلے کے بارے میں بتایا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے "بھائیو اور بہنو، آج میں اپنی زندگی کے ایک اہم موڑ پر آپ سے بات کر رہی ہوں۔ میں سالوں سے شو بز (فلم انڈسٹری) کی زندگی گزار رہی ہوں اور اس عرصے میں ہر طرح کی شہرت، عزت اور دولت مجھے اپنے شیدائیوں کی طرف سے نصیب ہوئی، جس کے لیے میں ان کی شکرگزار ہوں۔ لیکن اب کچھ دن سے مجھ پر یہ احساس قبضہ جمائے ہوئے ہے کہ کیا انسان کے اس دنیا میں آنے کا مطلب یہ ہے کہ وہ صرف دولت اور شہرت کمائے؟"

ثنا خان مزید لکھتی ہیں کہ "کیا اس کا یہ فرض نہیں ہے کہ وہ اپنی زندگی ان لوگوں کی خدمت میں گزار دے جو بے آسرا اور بے سہارا ہیں؟ کیا انسان کو یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ اسے کسی بھی وقت موت آ سکتی ہے؟ اور مرنے کے بعد اس کا کیا بننے والا ہے؟ ان دو سوالوں کے جواب میں مدت سے تلاش کر رہی ہوں۔ خاص طور پر دوسرے سوال کا کہ مرنے کے بعد میرا کیا بنے گا؟"

ثنا خان کا کہنا ہے کہ انھوں نے مذکورہ سوال کا جواب اپنے مذہب اسلام میں پایا۔ وہ لکھتی ہیں "اس سوال کا جواب میں نے اپنے مذہب میں تلاش کیا تو مجھے پتہ چلا کہ دنیا کی یہ زندگی اصل میں مرنے کے بعد کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہے۔

علاوہ ازیں فلم انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے انھوں نے لکھا "میں آج یہ اعلان کرتی ہوں کہ آج سے میں اپنی شو بز کی زندگی چھوڑ کر انسانیت کی خدمت اور اپنے پیدا کرنے والے کے حکم پر چلنے کا پختہ ارادہ کرتی ہوں۔ آخر میں تمام بھائیوں اور بہنوں سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ اب مجھے شو بز کے کسی کام کے لیے دعوت نہ دیں۔ بہت بہت شکریہ۔"

Leave A Reply

Your email address will not be published.