صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بھیونڈی عدالت میں ملزم کے ذریعہ جج پر چپّل پھینکنے کا معاملہ

 وکلاء نے مذکورہ واقعہ کی مذمت کر تے ہوئے احتجاجاًایک دن کے لیے اپنا کام کاج بند رکھا

1,338

بھیونڈی : (عارِف اگاسکر) گذشتہ منگل کی سہ پہر میں بھیونڈی کی عدالت میں سماعت کے لیے آئے ایک معاملہ کے ملزم اشرف انصاری نے مقدمہ کی شنوائی کرنے والے جج پر اپنے پیروں کی دونوں چپلیں پھینک کر غصہ کا اظہار کیا تھا ۔ جس کی مذمت کر تے ہوئےعدالت کے تمام وکلاء نے فوراً ایک میٹنگ طلب کی اور منگل کے روز ایک دن کے لیے اپنا کام کاج بند کر دیا ۔

موصولہ اطلاع کے مطابق گذشتہ منگل کی شام میں بھیونڈی شہر پولیس اسٹیشن کے حدود میں رونما ایک معاملہ میں ملوث ملزم اشرف انصاری کوبھیونڈی کی عدالت میں جج جے ایس پٹھان کے روبروسماعت کے لیے لایا گیا تھا ۔ سماعت کے دوران جب جج جے ایس پٹھان  نےملزم کو سزا سنائی تو برہم ہو کر ملزم اشرف انصاری نے جج کی سمت چپّل پھینک کراپنے غصہ کا اظہار کیا ۔ ملزم کی اس حرکت سے عدالت میں زبردست کھلبلی مچ گئی ۔ جبکہ عدالت میں مو جود پولیس نے فوراً اشرف کو اپنی تحویل میں لے کر اس کے ذریعہ پھینکے گئے چپّلوں کا پنچ نامہ کر کے انھیں اپنے قبضہ میں لے لیا ۔

عدالت میں رونما ہوئے اس واقعہ کے بعد بھیونڈی بار کو نسل کے تقریباً ۵۰۰؍ سے زائد وکلاء نے بدھ کے روز مذکورہ واقعہ کی مذمت کر تے ہوئے اپنے کام کاج کو بند کر دیا ۔ اس سلسلے میں بھیونڈی بار کو نسل کے صدر ایڈووکیٹ منجیت رائوت نے بھیونڈی کے ڈپٹی پولیس کمشنر کو ایک مکتوب پیش کر تے ہو ئے مطالبہ کیاہے کہ بھیونڈی کی عدالت میں متعدد افراد اپنے مقد مات کے سلسلے میں آتے ہیں ۔ تاہم یہاں پر پولیس کا معقول بندو بست نہ ہو نے سے ملزم جج پر حملہ کر نے کی جرات کر رہے ہیں ۔ انھوں نے اپنے مکتوب میں مزید کہا ہے کہ مستقبل میں وکلاء اورموکلوں پر بھی حملے ہو سکتے ہیں اس لیے یہاں پر معقول پولیس بندو بست رکھا جائے ۔ اچانک وکلاء کے عدالتی کام کاج کو بند رکھنے کے فیصلہ سے لاعلم اپنے مقدمات کے سلسلے میں عدالت میں آنے والے سینکڑوں افراد کو بڑی پریشانیوں کا سامنا کر نا پڑا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.