صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ممبئی پولس کمشنر کی مسلمانوں سے امن کی اپیل

134,170

ممبئی : ملک میں ہورہے سی اے اے اور این آر سی کیخلاف احتجاج کے سلسلہ میں ممبئی پولس کمشنر سنجے بروے ماحول کو بہتر بنانے کیلئے ممبئی کے مسلمانوں سے اپیل کررہے ہیں اور ان کی اس اپیل پر مسلمان عمل بھی کررہے ہیں ۔ اس کی مثال اگست کرانتی میدان میں ہوئے پرامن احتجاج سے بڑی نہیں ہوسکتی ، جب امید سے زیادہ لوگوں کی شرکت کے باوجود سب کچھ یوں پرامن ہوا جیسے اس کی برسوں پہلے سے تیاری کی گئی ہو ۔

محض ۴۸ گھنٹوں میں ممبئی پولس نے اس کی تیاری کہ اور احتجاج کو پرامن طور پر اختتام تک پہنچایا ۔ جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں پولس کا عوام کے ساتھ برتائو کے سبب سوال کھڑے کئے جارہے ہیں ۔ لیکن ممبئی پولس اپنی انفرادی شناخت بنانے میں کامیاب رہی ہے ساتھ ہی اس نے یہ بھی ثابت کردیا کہ اگر عوام اور پولس دونوں دانشمندی کا مظاہرہ کریں تو حالات کو خراب ہونے سے بچایا جاسکتا ہے اور پھر نتیجہ انتہائی خوشگوار برآمد ہوتا ہے جس کی وجہ سے عوام کی جانب سے ڈانڈا یا پتھرائو نہیں بلکہ پولس کو پھول پیش کئے جاتے ہیں ۔

اسی خیر سگالی کے طریقہ کار کو آگے بڑھاتے ہوئے ممبئی پولس کمشنر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’جہاں ہم نے احتجاج کی اجازت نہیں دی وہاں عوام کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہئے اور وہاں عوام کو اس میں شامل نہیں ہونا چاہئے ۔ آپ میٹنگ کریں ہم اس کی اجازت دیں گے ۔ ہمارے پاس کوئی بھی آتا ہے ہم قانونی طور سے پرکھنے کے بعد اجازت دیتے ہیں جیس اکہ ہم نے اگست کرانتی میدان میں کیا ہے جس میں ہمیں کوئی پریشانی نہیں ہوتی ۔ آپ کو پورا حق ہے اپنی بات کہنے کا لیکن اس ایک ضابطہ ہوتا ہے ۔ ممبئی کے امن و امان کیلئے ممبئی پولس وہی کرے گی جو امن و قانون کی برقراری کیلئے ضروری ہے اور عوام کو بھی وہی کرنا چاہئے‘ ۔

مگر حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس دوران بھی کچھ افراد اپنی حرکت سے باز نہیں آئے انہیں جیسے معلوم ہوا کہ ممبئی پولس کمشنر عوام سے امن کی اپیل کرنے کیلئے ایک معین جگہ پر آنے والے ہیں تو ان لوگوں نے پھر اپنا اصلی رنگ دکھانے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکے ۔

کچھ ایسے لوگ تھے جو رات کے وقت اس جگہ پر جے سی بی لے کر پہنچ گئے اور اپنے کام پر لگ گئے ۔ یہ وہ جگہ تھی جس پر حال ہی میں آزاد میدان فسادات اور قتل کے اہم ملزم بابا بنگالی غیر قانونی طور سے قبضہ جمائے بیٹھے تھے اور مقدمہ ہار گئے تو منھ کی کھانی پڑی لیکن جیسے ہی معلوم ہوا کہ پولس کمشنر ممبئی کے مسلمانوں سے امن کی اپیل کرنے کیلئے ناگپاڑہ کے عوام سے خطاب کرنے والے ہیں شری بابا بنگالی نے بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کی کوشش کرتے ہوئے رات کے وقت اس میدان میں دھما چوکڑی مچانا شروع کردیا ۔

مقامی لوگوں نے جب دیکھا کہ میدان میں دھما چوکڑی شروع ہے تو لوگوں نے اس کی وجہ دریافت کی تو وہاں کام میں مصروف افراد نے کہا کہ یہاں کل بہت بڑا پروگرام ہونے والا ہے اور پروگرام میں کون کس کو مخاطب کرنے والا ہے یہ معلومات خفیہ رکھی گئی ۔ لوگوں کو شک ہوا کہ کہیں پولس کمشنر کو غلط اطلاع دے کر اس پروگرام میں بلا کر خود کی قوت کا مظاہرہ تو نہیں کرنے منصوبہ ہے ۔ اسی لئے ٹوئٹ کرکے اس کی اطلاع ممبئی پولس کو دی گئی جس کے بعد پولس آئی اور مشین سمیت یہاں اتھل پتھل مچانے کی کوشش کرنے والے بھاگ کھڑے ہوئے ۔

ذرائع نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ امن کی اپیل کے لئے ممبئی پولس کمشنر کو بنا بتائے کہ یہ جگہ غیر قانونی طور سے قبضہ کی ہوئی اور اس کا دعویدار مقدمہ ہار چکا ہے وہاں ممبئی پولس کمشنر سے تقریر کروائی جائے گی اور ہمیشہ کی طرح مدرسے کے بچوں کو کھڑا کراکے مسلمانوں کی قیادت کا شگوفہ چھوڑا جائے لیکن ایسے گھنائونے منصوبے رات کے اندھیرے میں بنائے گئے اور رات کے اندھیرے میں ہی ختم بھی ہوگئے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.