صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بھارت کے سیکولر اور جمہوری اقدار کے علمبردار رام پنیانی کی سلامتی حکومت اور سماج کا فریضہ ہے : امیر حلقہ جماعت اسلامی مہاراشٹر

1,179
جماعت اسلامی مہاراشٹر  امیر حلقہ رضوان الرحمن خان

ممبئی : جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے امیر رضوان الرحمٰن خان نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی شہرت یافتہ سماجی خدمتگار ڈاکٹر رام پنیانی کو حال ہی میں فون پر فسطائی شرپسندوں کی طرف سے ملی دھمکیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھمکیاں دینے کی یہ بزدلانہ حرکت سنگھی ذہنیت کے لوگ ان مخلص رضا کاروں کو خوفزدہ کرنے کے لیے کرتے ہیں جو ملکی سماج سے نفرت اور فرقہ پرستی ، کمزور اور محکوم طبقات کا استحصال اور فسطائی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں ۔

ظلم و جبر کے یہ حمایتی انسانی حقوق اور امن و انصاف کے لیے جد و جہد کرنے والوں کو نہ صرف  ڈراتے دھمکاتے ہیں بلکہ ان کی ہمتیں اتنی بڑھ گئی ہیں کہ گذشتہ چند سالوں میں ایڈووکیٹ شاہد اعظمی ، ڈاکٹر نریندر دابھولکر ، ڈاکٹر گوند پانسرے ، کلبرگی اور گوری لنکیش جیسے معروف و مشہور سماجی خدمتگاروں کے خون سے اپنے ہاتھ بھی رنگے ہیں ۔ اب یہی طاقتیں ڈاکٹر رام پنیانی کو بھی ڈرا دھمکا رہی ہیں اور ان کی جان کے در پے ہیں ۔

ڈاکٹر رام پنیانی کی سماجی خدمات اظہر من الشمس ہیں ۔ وہ سیکولر بھارت کی پہچان ہیں ۔ ان کی حفاظت کرنا حکومت اور سماج کا فریضہ ہے ۔ ہم محکمہ پولس اور ریاستی و مر کزی وزارت داخلہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈاکٹر رام پنیانی کو اعلیٰ تحفظ فراہم کیا جائےکیونکہ ان کی حفاظت کے لیے ایک سپاہی کافی نہیں ہے ۔ جن لوگوں نے فون پر دھمکی دی ہے انہیں فوری طور پر تلاش کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے ۔ ماضی میں جن سماجی رضا کاروں کو شہید کیا گیا ان کے قاتلوں کو بھی گرفتار کر کے سزائے مو ت دیجائے ۔

ڈاکٹر رام پنیانی سے اظہار ہمدردی و یگانگت کے لیے جماعت اور اس کی ذیلی تنطیموں کے نمائندوں پر مشتمل ایک 5 رکنی وفد نے ڈاکٹر موصوف کے گھر واقع پوائی پر ان سے ملاقات کی ۔ ان کی خدمات کا اعتراف کیا اور ہر حال میں انکا ساتھ دینے کا تیقن دلایا اور دعائیہ کلمات کہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.