صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

انم رئیس خاں اور اِسرا عباس زیدی نے دہلی جوڈیشیل سروسیز امتحان – 2018 میں کامیابی حاصل کی

1,109

علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی لاء فیکلٹی کی دو سابق طالبات انم رئیس خاں اور اِسرا عباس زیدی نے دہلی جوڈیشیل سروسیز امتحان – 2018 میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ اس امتحان میں انم رئیس نے 71ویں اور اِسرا عباس نے 101ویں رینک حاصل کی ۔

انم رئیس نے سال 2015 میں اے ایم یو کے شعبۂ قانون سے بی اے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد نیشنل لاء یونیورسٹی دہلی سے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کی ۔ انھوں نے اے ایم یو میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کے علاوہ کانسٹی ٹیوشنل لاء میں گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ وہ یونیورسٹی کیمپس میں قانونی بیداری پروگراموں کے علاوہ دیگر سماجی امور میں بھی سرگرم رہیں اور انھوں نے قومی سطح پر منعقدہ موٹ کورٹ مقابلوں میں انعامات حاصل کئے ۔ انم رئیس یوجی سی-نیٹ امتحان پاس کرنے کے بعد سال 2017 میں بار کونسل آف دہلی کی ممبر بنیں ۔

اِسرا عباس زیدی نے سال 2016 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بی اے ایل ایل بی کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد این ایل ایس بنگلورو سے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کی اور سال 2017 میں یوجی سی نیٹ کا امتحان پاس کیا ۔ اس کے بعد سال 2018 میں وہ بار کونسل آف دہلی کی ممبر بنیں ۔

اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور ، ریزیڈنشیئل کوچنگ اکیڈمی کے ڈائرکٹر پروفیسر صغیر احمد انصاری ، لاء فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ظہیر الدین اور شعبۂ قانون کے صدر پروفیسر پرویز طالب کے علاوہ شعبۂ قانون کے سبھی اساتذہ نے دونوں سابق طالبات کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.